بھارتی اداکارہ، ماڈل اور سوشل میڈیا شخصیت راکھی ساونت نے ایک بار پھر اپنے منفرد اندازِ گفتگو سے توجہ حاصل کرلی۔
بی بی سی ہندی کو دیے گئے ایک انٹرویو میں راکھی ساونت نے پاکستان سے ملنے والی محبت اور حمایت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی مداح ہمیشہ ان کے ساتھ کھڑے رہے ہیں، خصوصاً ایسے مواقع پر جب انہیں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
راکھی ساونت نے کہا کہ پاکستانی انہیں بے حد پسند کرتے ہیں اور ہر مشکل گھڑی میں ان کا حال پوچھتے ہیں۔ ان کے بقول جب وہ بیمار ہوئیں تو کئی پاکستانی مداحوں نے ان کی خیریت دریافت کی، حتیٰ کہ اسپتال لے جانے تک کی پیشکش کی۔ انہوں نے کہا کہ بعض اوقات اپنے ملک سے زیادہ محبت اور توجہ انہیں پاکستان سے ملی۔
اداکارہ نے گفتگو کے دوران کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان سیاسی اختلافات اپنی جگہ موجود ہیں، تاہم عام لوگوں کے جذبات اس سے مختلف ہوتے ہیں۔ ان کے مطابق ہمسایہ ہونے کے ناطے پاکستانی ہمیشہ ان کے لیے محبت اور احترام کا جذبہ رکھتے ہیں، جسے وہ کبھی فراموش نہیں کرسکتیں۔
ڈونلڈ ٹرمپ میرا حقیقی باپ ہے ،راکھی ساونت کا دعویٰ
راکھی ساونت نے اس موقع پر اپنے پاکستانی مداحوں کا خصوصی شکریہ بھی ادا کیا اور کہا کہ انہیں پاکستان سے ملنے والی محبت ہمیشہ یاد رہے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ مداحوں کی یہ شفقت ان کے لیے کسی قیمتی تحفے سے کم نہیں۔
اداکارہ کے ان خیالات کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی، جہاں پاکستان اور بھارت دونوں کے صارفین نے اس پر دلچسپ تبصرے کیے۔ متعدد صارفین کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے عوام ایک دوسرے کے دشمن نہیں بلکہ سیاسی حالات اور کشیدگی نے فاصلے پیدا کیے ہیں۔
بہت سے صارفین نے لکھا کہ پاکستان اور بھارت کے عوام امن، محبت اور بہتر تعلقات کے خواہاں ہیں، تاہم سیاسی بیانات اور سرحدی تنازعات کی وجہ سے دونوں ملکوں کے درمیان غلط فہمیاں پیدا ہوجاتی ہیں۔

کئی صارفین نے راکھی ساونت کے بیان کو دونوں ممالک کے عوام کے درمیان محبت اور انسانیت کے جذبے کی عکاسی قرار دیا، جبکہ بعض نے امید ظاہر کی کہ فن، ثقافت اور عوامی روابط مستقبل میں دونوں ہمسایہ ممالک کو ایک دوسرے کے مزید قریب لاسکتے ہیں۔
