شگر (عابد شگری): گلگت بلتستان کے ضلع شگر میں واقع دنیا کی بارہویں بلند ترین چوٹی براڈ پیک (8,047 میٹر) پر برفانی تودہ گرنے کے نتیجے میں 10 رکنی بین الاقوامی کوہ پیمائی ٹیم حادثے کا شکار ہوگئی، ابتدائی اطلاعات کے مطابق چار لاشیں برآمد ہوئی ہیں۔
الپائن کلب پاکستان کے صدر میجر جنرل عرفان احمد کے مطابق ملنے والی 4 لاشوں میں سے 2 کی شناخت عمان کی نادھرہ احمد عبداللہ الحارتھی اور نیپال کے پربہادر گورنگ کے طور پر ہوئی ہے۔
ضلعی انتظامیہ شگر کے مطابق حادثہ براڈ پیک مہم کے دوران کیمپ ٹو (Camp-II) سے کیمپ تھری (Camp-III) جاتے ہوئے پیش آیا۔
پاکستان آرمی کے ہیلی کاپٹرز سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن میں مصروف ہیں، جبکہ مقامی پورٹرز، رضاکار، ٹورسٹ پولیس، ریسکیو 1122، ضلعی پولیس اور محکمہ صحت کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔ متعلقہ ادارے صورتحال کی مسلسل نگرانی کر رہے ہیں۔
الپائن کلب پاکستان کے مطابق برفانی تودہ گرنے کے بعد لاپتہ ہونے والی ٹیم کی قیادت نیپال کے معروف کوہ پیما نمز دائی کر رہے تھے۔ ٹیم میں پاکستان، نیپال، عمان، امریکا، چین اور دیگر ممالک سے تعلق رکھنے والے کوہ پیما شامل ہیں۔
کلب کا کہنا ہے کہ لاپتہ افراد میں پاکستانی کوہ پیما سہیل سخی بھی شامل ہیں۔ ادارے کے مطابق سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن کے لیے ہیلی کاپٹر سمیت تمام دستیاب وسائل بروئے کار لانے کی کوششیں جاری ہیں۔
الپائن کلب کا کہنا ہے کہ وہ متعلقہ حکام اور اداروں سے مسلسل رابطے میں ہیں، موسم اور آپریشنل صورتحال کے مطابق ریسکیو کارروائی جاری رکھی جائے گی اور مزید مصدقہ معلومات موصول ہوتے ہی جاری کی جائیں گی۔
