راولپنڈی: سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع خضدار میں خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کرتے ہوئے فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے چار دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے ٹھکانے کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں چار دہشت گرد مارے گئے۔
کارروائی کے دوران دہشت گردوں کی جانب سے استعمال کی جانے والی بارود سے بھری دو گاڑیاں بھی تباہ کر دی گئیں، جس سے ممکنہ دہشت گرد کارروائی کو ناکام بنا دیا گیا۔
On 30 July 2026, security forces conducted an intelligence based operation in Khuzdar District of Balochistan, on reported presence of terrorists belonging to Indian proxy, Fitna al Hindustan destroying two explosive laden vehicles along with four terrorists.
During the…
— DG ISPR (@OfficialDGISPR) July 30, 2026
بیان کے مطابق علاقے میں موجود ممکنہ دہشت گردوں کی تلاش اور ان کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے تاکہ علاقے کو مکمل طور پر محفوظ بنایا جا سکے۔
آئی ایس پی آر نے اپنے بیان میں کہا کہ سیکیورٹی فورسز عزمِ استحکام کے تحت دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہیں اور ملک سے دہشت گردی کے ناسور کے مکمل خاتمے تک ایسے آپریشنز بلا تعطل جاری رہیں گے۔
دوسری جانب وزیراعظم محمد شہباز شریف اور صدر مملکت آصف علی زرداری نے بلوچستان کے ضلع خضدار میں کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے دہشت گردی کے خاتمے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے بیان میں خضدار میں کامیاب کارروائی پر سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ مہارت، جرأت اور بروقت کارروائی کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں دہشت گردی پھیلانے کی ہر مذموم کوشش کو ناکام بنایا جائے گا۔
وزیراعظم نے کہا کہ ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پوری قوم اپنی بہادر سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ان کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے بھی دہشت گردوں کی کارروائی بروقت ناکام بنانے پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کی بارود سے بھری گاڑیوں کو تباہ کرنا فورسز کی اعلیٰ پیشہ ورانہ صلاحیت اور مؤثر حکمت عملی کا ثبوت ہے۔
صدر مملکت نے کہا کہ دہشت گردوں کے ناپاک عزائم ناکام بنانے پر پوری قوم کو اپنی بہادر سیکیورٹی فورسز پر فخر ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں پوری قوت کے ساتھ جاری رکھی جائیں گی۔
