ڈی آئی خان میں پولیس لائنز کے مال خانے میں دھماکے کے نتیجے میں بم ڈسپوزل اسکواڈ کے انچارج زخمی ہو گئے۔
پولیس کے مطابق دھماکے کے نتیجے میں مال خانے کی دیوار اور چھت گر گئی جس کے نتیجے میں بی ڈی ایس کے انچارج عنایت اللہ زخمی ہو گئے۔ انہیں اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
پولیس نے بتایا ہے کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق دھماکا مال خانے میں رکھے گئے بارودی مواد کے پھٹنے سے ہوا۔
واقعے کے فوراً بعد پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کرنا شروع کر دیے۔ پولیس کے مطابق واقعے کی وجوہات اور تمام پہلوؤں کا تعین کرنے کے لیے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔
ٹانک میں پولیس کی بکتر بند گاڑی کے قریب دھماکا ، اے ایس آئی سمیت 2 اہلکار شہید ، 2 زخمی
دوسری جانب ہنگو میں خزینہ بانڈہ پولیس چیک پوسٹ پر دہشتگردوں کے حملے میں شہید ہونے والے ڈی ایس پی سٹی دیار خان سمیت 10 پولیس اہلکاروں کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی ہے۔
نماز جنازہ میں سول انتظامیہ پولیس افسران اور شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر شہداء کے جسدِ خاکی پر پھولوں کی چادریں چڑھائی گئیں اور ان کی عظیم قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا ، نماز جنازہ کے بعد شہداء کی میتوں کو آبائی علاقوں میں روانہ کر دیا گیا۔
گزشتہ رات کو ہنگو میں پولیس چیک پوسٹ پر دہشتگردوں کے حملے میں 10 اہلکار شہید جبکہ 22 زخمی ہو گئے تھے۔
آئی جی خیبر پختونخو ذوالفقارحمید نے کہا ہے کہ پولیس کی جوابی کارروائی میں 12 سے 15 دہشتگرد مارے گئے۔
