کوئٹہ میں خاتون کے ہاں ایک ہی وقت میں 5 بچوں کی پیدائش ہوئی ہے جن میں 3 بچیاں اور 2 بچے شامل ہیں ۔ بچوں کی پیدائش پر اہلخانہ میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔
شہری کے پہلے سے تین بچے تھے، ان بچوں کی پیدائش کے بعد اب ان کے بچوں کی تعداد 8 ہو گئی ، بچوں کی پیدائش ایک نجی اسپتال میں ہوئی۔
ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ پانچوں نومولود بچوں کو احتیاطی طور پر آئندہ 10 روز تک خصوصی نگہداشت (اسپیشل کیئر) میں رکھا جائے گا تاکہ ان کی صحت کی مسلسل نگرانی کی جا سکے۔
پاکستان سمیت دنیا بھر میں ہر سال کسی ایک خاتون کے ہاں بیک وقت ایک سے زیادہ بچوں کی پیدائش کے واقعات ہوتے ہیں۔
گزشتہ سال کراچی کے علاقے بلدیہ ٹاؤن کے رہائشی عدنان شیخ نامی شخص کی بیوی نے بیک وقت پانچ بچوں کو جنم دیا تھا۔ ڈاکٹرز کے مطابق پانچوں بچے 29 ہفتوں کی حمل کے بعد قبل از وقت پیدا ہوئے تھے۔
اس کے علاوہ بنوں میں بھی گزشتہ سال ایک خاتون کے ہاں 5 بچے پیدا ہوئے تھے جن میں تین بیٹے اور بیٹیاں شامل تھیں۔ جبکہ پشاور میں بھی پچھلے سال خاتون کے ہاں بیک وقت تین بچیوں اور دو بچوں کی پیدائش ہوئی تھی۔
