امریکا کی ریاست میری لینڈ میں ایک خاتون نے شوہر کی تحقیق کی بدولت لاٹری کے اسکریچ آف ٹکٹ سے 5 لاکھ ڈالر کا بڑا انعام جیت لیا، جس کے بعد ان کے گھر میں خوشیوں کی لہر دوڑ گئی۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ریاست میری لینڈ کے شہر ڈنڈاک سے تعلق رکھنے والے میاں بیوی کئی برسوں سے شوقیہ لاٹری خریدتے آ رہے ہیں اور اسے اپنی مشترکہ تفریح کا حصہ قرار دیتے ہیں۔
لاٹری بیچنے والے خود لاٹری جیت گئے، امریکی جوڑے کی قسمت جاگ اٹھی
خاتون نے بتایا کہ اس سے قبل ان دونوں نے زیادہ سے زیادہ 500 ڈالر جیتے تھے، جس پر وہ بے حد خوش ہوئے تھے، تاہم اس بار قسمت نے ان پر کہیں زیادہ مہربانی کی۔
خاتون کے مطابق جون کے آخر میں وہ خریداری کے لیے گھر سے نکل رہی تھیں کہ ان کے شوہر نے انہیں خاص طور پر “Gifts of Green” نامی اسکریچ آف ٹکٹ خریدنے کی ہدایت کی۔
شوہر نے بتایا کہ وہ میری لینڈ لاٹری کی ویب سائٹ پر مختلف اسکریچ آف گیمز میں باقی رہ جانے والے بڑے انعامات کا جائزہ لے رہے تھے اور انہیں معلوم ہوا کہ اس گیم میں اب بھی کئی بڑے انعامات دستیاب ہیں، اسی لیے انہوں نے یہی ٹکٹ خریدنے کا مشورہ دیا۔
امریکی شہری کی قسمت جاگ اٹھی؛ 500 ارب کی تاریخی لاٹری جیت لی
خاتون نے دکان سے اس گیم کے دو ٹکٹ خریدے اور گھر واپس آ کر دونوں میاں بیوی نے مل کر انہیں اسکریچ کرنا شروع کیا۔ خاتون کا کہنا تھا کہ جب انہوں نے ٹکٹ پر موجود ڈالر کے نشان کے ساتھ 5 لاکھ ڈالر کی رقم دیکھی تو انہیں اپنی آنکھوں پر یقین نہیں آیا۔
انہوں نے بتایا کہ وہ بار بار ٹکٹ پر درج رقم اور گیم کے قواعد کو دیکھتی رہیں تاکہ یقین کر سکیں کہ واقعی انہوں نے اتنی بڑی رقم جیت لی ہے۔
دوسری جانب شوہر نے بتایا کہ جیسے ہی انہوں نے اپنی اہلیہ کے چہرے کے تاثرات اور آواز میں لرزش محسوس کی تو انہیں اندازہ ہوگیا کہ اس بار کوئی غیر معمولی انعام نکلا ہے۔
خوش قسمت جوڑے کا کہنا ہے کہ وہ جیتی گئی رقم سے سب سے پہلے نئی گاڑی خریدیں گے، جبکہ باقی رقم اپنی ریٹائرمنٹ کے لیے محفوظ کریں گے۔
متحدہ عرب امارات میں مقیم پاکستانی 8 کروڑ روپے سے زائد کی لاٹری جیت گیا
خاتون کے مطابق وہ کافی عرصے سے اس فکر میں تھے کہ ریٹائرمنٹ کے بعد مالی معاملات کیسے چلیں گے، لیکن اس غیر متوقع انعام نے ان کی بیشتر پریشانیاں ختم کر دی ہیں۔
جوڑے نے کہا کہ وہ ہمیشہ لاٹری کو صرف تفریح کے طور پر کھیلتے تھے اور کبھی اتنے بڑے انعام کی توقع نہیں کی تھی، تاہم اس کامیابی نے ان کی زندگی میں ایک نئی امید اور مالی اطمینان پیدا کر دیا ہے۔
