اسلام آباد، چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی سے سپریم کورٹ آزاد جموں و کشمیرکے افسران کے وفد نے ملاقات کی، جس میں عدالتی نظام میں ادارہ جاتی تعاون، پیشہ ورانہ استعداد کاراور جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے عوام کو بہتر عدالتی سہولیات فراہم کرنے سے متعلق امور پرتبادلہ خیال کیا گیا۔
سپریم کورٹ آف پاکستان کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق سپریم کورٹ آزاد کشمیر کا وفد دو روزہ مطالعاتی دورے پر سپریم کورٹ آف پاکستان پہنچا ہے۔
دورے کے دوران چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے مؤثر عدالتی انتظام، بہترین طریقہ کار کے تبادلے اور باہمی تعاون کو انصاف کی فراہمی میں مزید بہتری کے لیے ناگزیر قرار دیا۔
اعلامیے کے مطابق وفد کو سپریم کورٹ میں جاری اصلاحاتی ایجنڈے پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر انہیں ای فائلنگ سسٹم، ویڈیو لنک سماعت، ڈیجیٹل کیس مینجمنٹ سسٹم اور نیشنل جوڈیشل اینالیٹکس ڈیش بورڈ سمیت جدید عدالتی نظام اور ٹیکنالوجی پر مبنی اصلاحات سے آگاہ کیا گیا۔
وفد کو پبلک فسیلیٹیشن سینٹر کے کردار اور شہریوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات سے بھی آگاہ کیا گیا، جبکہ سپریم کورٹ کے انتظامی و عدالتی امور پر بھی بریفنگ دی گئی۔
دورے کے دوران وفد نے سپریم کورٹ آف پاکستان کے پبلک فسیلیٹیشن سینٹر، سپریم کورٹ میوزیم اور آئی ٹی ڈائریکٹوریٹ کا بھی دورہ کیا اور وہاں جدید انتظامی و تکنیکی نظام کا جائزہ لیا۔
سپریم کورٹ آزاد کشمیر کے وفد نے سپریم کورٹ آف پاکستان کی اصلاحاتی کاوشوں، عدالتی نظام میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال اور عوامی سہولت کے لیے کیے گئے اقدامات کو سراہتے ہوئے انہیں قابلِ تقلید قرار دیا۔
