لاہور، ستحکام پاکستان پارٹی آزاد کشمیر کے صدر سردار تنویر الیاس نے کہا ہے کہ ان کی جماعت کو آزاد کشمیر کے 12 حلقوں سے متعلق کسی قسم کے تحفظات نہیں ہیں اور انتخابات مقررہ وقت پر ہونے چاہئیں۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سردار تنویر الیاس نے کہا کہ احتجاج کرنے والے عناصر غلط سمت میں جا رہے ہیں اور ان کی سرگرمیاں جمہوری عمل کے لیے نقصان دہ ہیں۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ آزاد کشمیر میں احتجاج کرنے والے بعض عناصر بیرونی فنڈنگ کے ذریعے بدامنی پھیلانے کی کوشش کر رہے ہیں، تاہم عوام ایسے عناصر کو مسترد کر دیں گے۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ پنجاب کے 12 حلقوں میں آزادانہ، شفاف اور غیر جانبدارانہ حقِ رائے دہی یقینی بنانے کے لیے سخت انتظامات کیے جائیں تاکہ ووٹر بلا خوف و خطر اپنا حق استعمال کر سکیں۔
مذاکرات اور سفارتکاری ہی پائیدار امن کا واحد راستہ ہیں، اسحاق ڈار کی ایرانی وزیر خارجہ سے گفتگو
سردار تنویر الیاس نے کہا کہ آزاد کشمیر میں عام انتخابات 27 جولائی کو ہوں گے اور استحکام پاکستان پارٹی نے انتخابی مہم کو بھرپور انداز میں آگے بڑھاتے ہوئے 38 امیدواروں کو پارٹی ٹکٹ جاری کر دیے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ان کی جماعت انتخابی میدان میں پوری تیاری کے ساتھ موجود ہے اور عوام کے پاس ایک مضبوط سیاسی متبادل موجود ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر میں اصل انتخابی مقابلہ مسلم لیگ (ن) سے ہوگا، جبکہ دیگر سیاسی جماعتوں کی حیثیت محدود رہے گی۔
صدر استحکام پاکستان پارٹی آزاد کشمیر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ان کی جماعت عوامی حمایت سے انتخابات میں نمایاں کامیابی حاصل کرے گی اور آزاد کشمیر میں مؤثر اور عوام دوست سیاست کو فروغ دے گی۔
