جنوبی افریقا ویمنز انڈر 19 کرکٹ ٹیم پہلی مرتبہ پاکستان کے دورے پر کراچی پہنچ گئی، جہاں مہمان ٹیم کا استقبال کیا گیا اور انہیں سخت سکیورٹی میں قائداعظم انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے مقامی ہوٹل منتقل کر دیا گیا۔
پاکستان اور جنوبی افریقا کی ویمنز انڈر 19 ٹیموں کے درمیان پانچ ٹی ٹوئنٹی میچوں پر مشتمل سیریز 14 سے 24 جولائی تک نیشنل بینک اسٹیڈیم کراچی میں کھیلی جائے گی۔
یہ سیریز دونوں ٹیموں کے لیے آئندہ اے سی سی ویمنز انڈر 19 ٹی ٹوئنٹی ایشیا کپ اور آئی سی سی ویمنز انڈر 19 ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی تیاریوں کا اہم حصہ سمجھی جا رہی ہے۔
پاکستان ویمنز انڈر 19 ٹیم کی قیادت فضا فیاض کریں گی، جبکہ جنوبی افریقا کی ٹیم کی کپتان نیکی وین سورس ہوں گی، دونوں ٹیمیں سیریز سے قبل 11 سے 13 جولائی تک شبانہ تربیتی سیشنز میں حصہ لیں گی تاکہ ایونٹ کے لیے بھرپور تیاری کی جا سکے۔
سیریز کے باقاعدہ آغاز سے قبل 13 جولائی کو ٹرافی کی رونمائی کی تقریب منعقد ہوگی، جس میں دونوں ٹیموں کی کپتان شریک ہوں گی اور میڈیا سے گفتگو بھی کریں گی۔
محمد عامر نے انگلینڈ کی دی ہنڈرڈ لیگ سے معاہدہ کر لیا
شیڈول کے مطابق سیریز کا پہلا میچ 14 جولائی، دوسرا 17 جولائی، تیسرا 19 جولائی، چوتھا 22 جولائی جبکہ پانچواں اور آخری ٹی ٹوئنٹی میچ 24 جولائی کو کھیلا جائے گا۔
پاکستان ویمنز انڈر 19 اسکواڈ میں کپتان فضا فیاض کے علاوہ الزوہہ حماد، اقصیٰ حبیب، عریشہ انصاری، بریرہ سیف، ہادیہ مینا، کومل خان، ماہ نور، ماہم نزاکت، ماہنور زیب، میمونہ خالد، راحمہ سید، روائل فرحان، روزینہ اکرم، شہر بانو، زینب خانم اور ذوفشاں ایاز شامل ہیں۔
ٹیم کے ہیڈ کوچ محمد مسرور، ٹیم منیجر عائشہ اشعر جبکہ سابق بین الاقوامی ویمن کرکٹر جویریہ رؤف فیلڈنگ کوچ کی ذمہ داریاں انجام دے رہی ہیں۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کو امید ہے کہ یہ سیریز نوجوان کھلاڑیوں کو بین الاقوامی تجربہ فراہم کرنے اور مستقبل کے بڑے ٹورنامنٹس کی تیاری میں اہم کردار ادا کرے گی۔
