ایران سے متعلق سلامتی کونسل کے اجلاس میں پاکستان نے کشیدگی میں کمی اور سفارتکاری جاری رکھنے پر زور دیا ہے۔
اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے اجلاس میں ایران سے متعلق صورتحال پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار نے خطے میں حالیہ کشیدگی پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ صورتحال کسی بھی فریق کے مفاد میں نہیں۔
پاکستانی مندوب نے کہا کہ جنگ کسی کے مفاد میں نہیں، خطے میں استحکام کے لیے سفارتکاری کا عمل جاری رہنا ضروری ہے۔ انہوں نے تمام فریقین پر زور دیا کہ وہ کشیدگی کم کرنے کے لیے تحمل کا مظاہرہ کریں اور مذاکرات کے راستے کو ترجیح دیں۔
عاصم افتخار نے کہا کہ ثالثی کے عمل کے دوران کسی بھی قسم کی بیان بازی سے گریز کیا جانا چاہیے تاکہ سفارتی کوششوں کو نقصان نہ پہنچے اور بات چیت کے لیے سازگار ماحول برقرار رہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان سفارتکاری کے ذریعے کشیدگی میں کمی کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔ پاکستان اپنے اتحادیوں کے ساتھ مل کر خطے میں امن و استحکام کے لیے مسلسل رابطے اور مشاورت کر رہا ہے۔
پاکستانی مندوب کے مطابق پاکستان اور دیگر ثالثوں کی کوششوں کے ذریعے فریقین کے درمیان بات چیت میں پیش رفت ہوئی ہے، جسے آگے بڑھانے کی ضرورت ہے۔
ایران کی درخواست پر امریکا کا بات چیت جاری رکھنے پر اتفاق، مذاکرات کا دروازہ بند نہیں کیا، ٹرمپ
عاصم افتخار نے امریکا اور ایران پر زور دیا کہ وہ اسلام آباد مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) کی پاسداری کریں اور اس پر مؤثر عملدرآمد یقینی بنائیں۔
انہوں نے سلامتی کونسل کے اجلاس میں واضح کیا کہ خطے کے دیرپا امن اور استحکام کے لیے سفارتکاری کا سلسلہ جاری رہنا ناگزیر ہے، جبکہ تنازعات کے حل کے لیے مذاکرات اور پرامن ذرائع ہی مؤثر راستہ ہیں۔
