وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ایف بی آر میں کرپشن کی کوئی جگہ نہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف سے فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے سینئر افسران نے ملاقات کی، جس میں مالی سال 2025-26 کے محصولات کے اہداف، جاری اصلاحات اور ٹیکس وصولی کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔
ملاقات کے دوران وزیراعظم نے مالی سال 2025-26 کے لیے تاریخی ریونیو ہدف حاصل کرنے پر ایف بی آر کے افسران اور عملے کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ قومی معیشت کے لیے ایک اہم سنگِ میل ہے۔
انہوں نے ایف بی آر کی پوری ٹیم، معاشی ٹیم اور چیئرمین ایف بی آر کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ گزشتہ مالی سال 600 ارب روپے کے ٹیکس ریفنڈز کی بروقت ادائیگی سے برآمدات کے فروغ میں نمایاں مدد ملی۔
وزیراعظم نے کہا کہ حکومت کو یقین ہے کہ ایف بی آر رواں مالی سال 15 کھرب روپے سے زائد محصولات کا ہدف بھی حاصل کرے گی، ان کا کہنا تھا کہ اصلاحات، ڈیجیٹائزیشن، شفافیت اور ٹیم ورک کی بدولت ایف بی آر نے ریکارڈ ٹیکس وصول کیا جبکہ ادارے میں جاری اصلاحات حکومت کی اولین ترجیح ہیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ ایف بی آر کی فیلڈ فارمیشنز میں اچھی شہرت کے حامل افسران تعینات کیے گئے ہیں اور ادارے میں کرپٹ عناصر کی کوئی جگہ نہیں، انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ٹیکس وصولی کے ساتھ ساتھ ٹیکس دہندگان اور کاروباری برادری کو سہولیات کی فراہمی بھی اولین ترجیح ہونی چاہیے۔
وزیراعظم نے کہا کہ ایف بی آر کا نیا آپریٹنگ ماڈل مکمل طور پر ڈیجیٹل اور فیس لیس ٹیکس نظام پر مبنی ہوگا جبکہ ٹیکس نیٹ میں توسیع، شفافیت اور ٹیکس دہندگان کو زیادہ سے زیادہ سہولیات کی فراہمی کے لیے اصلاحات کا عمل مزید تیز کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے دور دراز علاقوں میں خدمات انجام دینے والے ایف بی آر افسران کی کاوشوں کو بھی سراہا اور ملکی معیشت کے استحکام میں کردار ادا کرنے پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور ایف بی آر افسران کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
وزیراعظم نے پاکستان کسٹمز اور ان لینڈ ریونیو سروس کے افسران کی ترقی کے معاملات کا جائزہ لینے کے لیے اعلیٰ سطح کی کمیٹی تشکیل دینے کی بھی ہدایت کی۔
نظام انصاف میں بہتری عدالتی فیصلوں سے نہیں ان پر مؤثر عملدرآمد سے ممکن ہے، چیف جسٹس
ملاقات کے دوران ایف بی آر حکام نے وزیراعظم کو مختلف علاقوں کی فیلڈ فارمیشنز کی کارکردگی پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ کراچی لارج ٹیکس پیئر یونٹ نے جون 2026 میں 528 ارب روپے جبکہ لاہور لارج ٹیکس پیئر یونٹ نے اسی ماہ 261 ارب روپے کا ریونیو جمع کیا۔ بریفنگ میں یہ بھی بتایا گیا کہ گزشتہ ایک سال کے دوران ایئرپورٹس پر کسٹم ڈیوٹی وصولی میں 21 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
ایف بی آر کے افسران نے اپنی کارکردگی کو سراہنے پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا، ملاقات میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، بلال اظہر کیانی، چیئرمین ایف بی آر راشد محمود لنگڑیال اور دیگر اعلیٰ حکام بھی شریک تھے۔
