محکمہ موسمیات نے آج سے 6 جولائی تک ملک کے مختلف علاقوں میں بارشوں کی پیش گوئی کرتے ہوئے پنجاب اور خیبرپختونخوا کے کئی شہروں میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔
اسلام آباد میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا ہے، ژوب شہر اور مضافاتی علاقوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ موسلا دھار بارش ہوئی ، ریسکیو ذرائع کے مطابق یہاں مکانات گرنے کے 3 مختلف واقعات میں 3 افراد جاں بحق جبکہ 10 زخمی ہو گئے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج سے 6 جولائی تک ملک کے مختلف حصوں میں مون سون بارشوں کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔بلوچستان میں 4 جولائی تک مختلف اضلاع میں بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے، جبکہ سندھ کے مختلف علاقوں میں 3 اور 4 جولائی کو بارش متوقع ہے۔
نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر (این ای او سی) نے آئندہ ہفتے کے دوران ملک کے مختلف علاقوں میں ممکنہ سیلاب، گلیشیائی جھیلوں کے پھٹنے اور لینڈ سلائیڈنگ کے خطرات کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا ہے۔
این ای او سی کے مطابق گلگت بلتستان، خیبر پختونخوا اور آزاد کشمیر کے گلیشیئر سے ملحقہ علاقوں میں مسلسل بڑھتے ہوئے درجہ حرارت اور متوقع بارشوں کے باعث گلیشیئر تیزی سے پگھل سکتے ہیں، جس سے گلیشیائی جھیلوں کے پھٹنے، اچانک سیلاب، ملبے کے ریلوں، لینڈ سلائیڈنگ اور مٹی کے تودے گرنے کے خدشات بڑھ گئے ہیں۔
الرٹ میں ہنزہ، نگر، غذر، اسکردو، شگر، گانچھے، خرمنگ، استور، دیامر، اپر و لوئر چترال اور سوات سمیت دیگر گلیشیائی وادیوں میں خصوصی احتیاط برتنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ ہسپر، ہوپر نالہ میں پانی کے بہاؤ میں نمایاں اضافے اور مقامی سیلاب کا بھی خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق یکم سے 4 جولائی 2026 کے دوران مون سون سسٹم اور مغربی ہواؤں کے زیر اثر خیبر پختونخوا، پنجاب، بلوچستان، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں پہاڑی ندی نالوں اور برساتی نالوں میں اچانک طغیانی کا امکان ہے، جبکہ متعدد اضلاع میں فلیش فلڈ کی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے۔
الرٹ کے مطابق پنجاب کے راولپنڈی، اٹک، جہلم، چکوال، میانوالی، بھکر، خوشاب، سرگودھا، فیصل آباد، جھنگ، سیالکوٹ، نارووال، گجرات، گوجرانوالہ، لاہور، شیخوپورہ، حافظ آباد اور منڈی بہاؤالدین کے نشیبی علاقوں میں شہری سیلاب کا خطرہ موجود ہے، جبکہ بلوچستان کے ژوب، شیرانی، موسیٰ خیل، بارکھان، سبی، کوہلو، ڈیرہ بگٹی اور لورالائی میں بھی مقامی سطح پر اچانک سیلاب آ سکتا ہے۔
پاکستان نے افغانستان میں دہشت گردوں کیخلاف کارروائی پر بھارتی بیان کو من گھڑت قرار دیکر مسترد کردیا
این ڈی ایم اے نے متعلقہ اداروں کو نکاسی آب کے مؤثر انتظامات، ہنگامی مشینری کی تیاری، دریاؤں اور گلیشیائی جھیلوں کی مسلسل نگرانی اور بروقت حفاظتی اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت جاری کی ہے۔ عوام سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ نشیبی علاقوں، دریا کے کناروں اور پہاڑی ندی نالوں کے قریب غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز کریں، مقامی انتظامیہ کی ہدایات پر عمل کریں اور موسمی صورتحال سے متعلق مستند معلومات کے لیے این ڈی ایم اے کی ڈیزاسٹر الرٹ ایپ سے رہنمائی حاصل کریں۔
