تحریک انصاف کی جانب سے آزاد کشمیر انتخابات کے بائیکاٹ کا امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کی قیادت آئندہ چند روز میں آزاد جموں و کشمیر کے انتخابات میں حصہ لینے یا بائیکاٹ کرنے سے متعلق حتمی فیصلہ کرے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کی کور کمیٹی اس معاملے پر دو مختلف آراء میں تقسیم ہے جبکہ تحریک انصاف آزاد کشمیر کی قیادت بھی انتخابات کے بائیکاٹ کی حامی بتائی جا رہی ہے۔
پارٹی کے اکثریتی رہنماؤں کا مؤقف ہے کہ آزاد کشمیر میں انتخابی مہم چلانے کے مساوی مواقع میسر نہیں ہیں اور وہی صورتحال پیدا کی جا رہی ہے جو گلگت بلتستان کے انتخابات کے دوران دیکھنے میں آئی تھی۔
ذرائع کے مطابق بعض رہنماؤں کی رائے ہے کہ موجودہ حالات میں انتخابات میں حصہ لینا انتخابی نظام کی توثیق کے مترادف ہوگا، اس لیے مہاجرین اور آزاد کشمیر کی نشستوں پر بائیکاٹ پر غور کیا جا رہا ہے۔
پی ٹی آئی ذرائع کا دعویٰ ہے کہ ماضی میں جیتنے والے امیدواروں کو ہرا دیا گیا، جبکہ آزاد حیثیت میں منتخب ہونے والے ارکان کو بعد میں دیگر جماعتوں میں شامل کرایا گیا۔ ذرائع کے مطابق پارٹی کو آزاد کشمیر میں بطور سیاسی جماعت رجسٹرڈ نہ کیے جانے پر بھی تحفظات ہیں۔
دانش اسکول اور دانش یونیورسٹی انتہائی اہم قومی اثاثے ہیں، وزیراعظم
تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ پارٹی کے بعض رہنما انتخابات میں حصہ لینے کے حق میں بھی ہیں۔ تحریک انصاف کی قیادت آئندہ چند روز میں مشاورت مکمل کرنے کے بعد اس حوالے سے حتمی فیصلہ کرے گی۔
