دوحہ: ایران اور امریکا کے درمیان جاری بالواسطہ مذاکرات میں اہم پیش رفت کا دعویٰ سامنے آیا ہے۔
عرب میڈیا کے مطابق ایران کو 3 ارب ڈالر کے منجمد اثاثے جاری کرنے کے حوالے سے ابتدائی معاہدہ طے پا گیا ہے، تاہم اس حوالے سے کسی بھی فریق کی جانب سے سرکاری طور پر تصدیق یا تردید نہیں کی گئی۔
رپورٹ کے مطابق ایران نے مذاکرات کو آگے بڑھانے کے لیے اپنے 3 ارب ڈالر کے منجمد اثاثے جاری کرنے کی شرط رکھی تھی، جس پر ابتدائی اتفاق رائے سامنے آیا ہے۔
عرب میڈیا کا کہنا ہے کہ قطر کے دارالحکومت دوحہ میں ایران اور امریکا کے درمیان بالواسطہ مذاکرات بدستور جاری ہیں۔
ایران سے معاملات درست سمت میں جا رہے ہیں، اچھی ملاقاتیں ہوئیں، ٹرمپ
مذاکراتی عمل کے دوران معاہدے پر عمل درآمد کے طریقہ کار پر غور کے لیے ایران، قطر اور پاکستان کے وفود کے درمیان بھی ملاقات ہوئی۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ مذاکرات کے دوران عمان کی جانب سے پیش کیے گئے نئے منصوبے پر بھی غور جاری ہے، جس میں آبنائے ہرمز سے متعلق امور شامل ہیں۔
ذرائع کے مطابق مختلف تجاویز پر تفصیلی مشاورت کے بعد متعلقہ وفود اپنے اپنے ممالک واپس جائیں گے تاکہ عمان کی تجویز پر اعلیٰ حکام سے مشاورت مکمل کی جا سکے۔
واضح رہے کہ مذکورہ تمام معلومات عرب میڈیا کے دعووں پر مبنی ہیں اور اس حوالے سے ایران، امریکا، قطر، پاکستان یا عمان کی جانب سے باضابطہ بیان جاری نہیں کیا گیا۔
