سیف اللہ جھیل میں کشتی الٹنے کے افسوسناک حادثے میں 6 افراد جاں بحق جبکہ 17 سالہ لڑکی تاحال لاپتہ ہے۔
ریسکیو 1122 کے مطابق حادثے کی اطلاع ملتے ہی سوات سے امدادی ٹیمیں اور ایمبولینسز فوری طور پر جائے وقوعہ روانہ کر دی گئیں اور امدادی کارروائیاں شروع کر دی گئیں۔
سیف اللہ جھیل میں کشتی الٹنے کے افسوسناک حادثے میں ایک ہی خاندان کے 6 افراد جاں بحق جبکہ ایک 17 سالہ لڑکی لاپتا ہو گئی، جس کی تلاش جاری ہے۔
حکام کے مطابق جاں بحق افراد میں 2 مرد، 2 خواتین اور 2 بچے شامل ہیں۔ کشتی میں ایک ہی خاندان کے 7 افراد سوار تھے، جن کا تعلق لاہور کے علاقے جوہر ٹاؤن سے بتایا گیا ہے۔
واقعے کے بعد امدادی ٹیموں نے فوری طور پر ریسکیو آپریشن شروع کر دیا، جبکہ لاپتا 17 سالہ لڑکی کی تلاش جاری ہے۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ضلعی انتظامیہ سے فوری رپورٹ طلب کر لی ہے اور امدادی سرگرمیوں کو تیز کرنے کی ہدایت کی ہے۔
یاد رہے کہ محکمہ موسمیات نے ملک بھر میں بارشوں کی پیش گوئی کی ہے، جس کے بعد پی ڈی ایم اے خیبرپختونخوا نے بالائی علاقوں میں شدید بارشوں اور گلیشیئر پھٹنے کے خدشے کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا ہے۔
الرٹ میں تمام ضلعی انتظامیہ کو ضروری اقدامات کرنے اور دریا کے کنارے آباد آبادیوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
دوسری جانب صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے خیبرپختونخوا میں حالیہ بارشوں اور فلش فلڈ سے ہونے والے جانی و مالی نقصانات کی رپورٹ جاری کر دی ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق شدید بارشوں اور فلش فلڈ کے مختلف واقعات میں 3 افراد جاں بحق ہوئے، جن میں 2 بچے اور ایک خاتون شامل ہیں، جبکہ مختلف حادثات میں 16 افراد زخمی ہوئے ہیں۔
بارشیں ہی بارشیں، این ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کر دیا
رپورٹ کے مطابق فلش فلڈ اور آسمانی بجلی گرنے کے واقعات کے نتیجے میں 34 مکانات کو جزوی نقصان پہنچا ہے، پی ڈی ایم اے کے مطابق متاثرہ اضلاع میں پشاور، خیبر، دیر، چترال، مردان، شانگلہ اور باجوڑ شامل ہیں۔
پی ڈی ایم اے نے عوام سے اپیل کی ہے کہ خراب موسمی صورتحال کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں، احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں متعلقہ اداروں کی ہدایات پر عمل کریں۔
