امریکی ریاست کولوراڈو میں ایک شہری نے اپنے پک اپ ٹرک کا دروازہ کھولا تو سامنے والی نشست پر ایک ریچھ کو بیٹھا دیکھ کر اس کے ہوش اڑ گئے۔
یہ واقعہ اسٹیمبوٹ اسپرنگز کے علاقے میں پیش آیا، جہاں ایک گھر کے باہر نصب سیکیورٹی کیمرے نے یہ منظر ریکارڈ کر لیا۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ اینڈی کیریگن اپنی گاڑی کا دروازہ کھولتا ہے تو اندر موجود ریچھ سے اُس کا آمنا سامنا ہو جاتا ہے۔
اطلاعات کے مطابق ریچھ کھلی کھڑکی کے ذریعے گاڑی کے اندر داخل ہوا تھا اور خوراک کی تلاش میں گاڑی کے اندر موجود اشیا کو الٹ پلٹ کر رہا تھا۔ اینڈی کیریگن فوری طور پر گاڑی کے سامنے کی جانب بھاگ گیا، تاہم ریچھ نے کھلے دروازے سے باہر نکلنے کے بجائے اندر ہی رہنا مناسب سمجھا۔
بعد ازاں شہری نے ایک لکڑی کا تختہ استعمال کرتے ہوئے ریچھ کو ڈرا کر گاڑی سے باہر نکالنے میں کامیابی حاصل کی۔ واقعے میں گاڑی کو کوئی خاص نقصان نہیں پہنچا۔
واضح رہے کہ ریاست کولوراڈو میں ریچھ کی آبادی بہت زیادہ ہے جو اکثر خوراک کی تلاش میں جنگلات سے نکل کر شہری اور رہائشی علاقوں کا رخ کر لیتے ہیں۔ کئی مقامات پر ان کے گاڑیوں میں پھنس جانے یا انسانوں پر حملے کے انتہائی واقعات بھی پیش آ چکے ہیں۔
ایسا ہی ایک واقعہ گزشتہ برس جولائی میں پیش آیا تھا جہاں ایک ریچھ غلطی سے گاڑی میں بند ہو گیا تھا اور اس نے گاڑی کا اندرونی حصہ بری طرح تباہ کر دیا۔
یہ بھی پڑھیں: مچھر آخر کچھ لوگوں کو زیادہ کیوں کاٹتے ہیں؟ ماہرین نے اہم سائنسی حقائق بتا دیے
گاڑی کے مالک نے گاڑی لاک کیے بغیر چھوڑ دی تھی جس میں ریچھ داخل ہو گیا مگر دروازہ بند ہونے کی وجہ سے کوفت اور غصے میں آ گیا اور گاڑی کی سیٹیں پھاڑ دیں، ڈیش بورڈ اور اسٹیئرنگ پر پنجے مار کر انہیں خراب کیا اور کھڑکیاں توڑنے کی کوشش کی۔
گاڑی کے مالک کا کہنا تھا کہ ریچھ نے اتنی تباہی مچائی تھی کہ یوں لگتا تھا جیسے گاڑی میں کسی نے بم پھاڑ دیا ہو۔
