پاکستانی کرکٹر عماد وسیم اور ان کی سابقہ اہلیہ ثانیہ اشفاق کی ایک مبینہ آڈیو ریکارڈنگ سوشل میڈیا پر لیک ہو گئی ہے جس کے بعد دونوں کے درمیان جاری حالیہ تنازع نے نیا رخ اختیار کر لیا۔
اگست 2019 میں شادی کے بندھن میں بندھنے اور دسمبر 2025 میں راہیں جدا کرلینے والا یہ جوڑا گزشتہ چند ماہ سے مسلسل خبروں کی زینت بنا ہوا ہے۔ اب لیک ہونے والی مبینہ آڈیو نے انٹرنیٹ پر نئی ہلچل مچا دی ہے، جس میں عماد وسیم، ثانیہ اشفاق، ان کے اہلِ خانہ اور مبینہ طور پر پولیس کے درمیان ہونے والی تلخ گفتگو سنی جا سکتی ہے۔
واضح رہے کہ اس وائرل آڈیو کی صداقت کے حوالے سے تاحال دونوں شخصیات میں سے کسی کی جانب سے بھی تصدیق یا تردید سامنے نہیں آئی ہے۔
View this post on Instagram
ذرائع کے مطابق حال ہی میں ثانیہ اشفاق نے قومی کرکٹر پر بدسلوکی، شدید ذہنی دباؤ اور اپنے ہی بچوں سے لاتعلقی اختیار کرنے جیسے سنگین الزامات عائد کیے تھے، جس کے جواب میں عماد وسیم نے سابقہ اہلیہ کو خبردار کیا تھا کہ وہ ان کے اس خاندانی تنازع میں ان کی موجودہ اہلیہ نائلہ راجہ کو گھسیٹنے سے باز رہیں۔
اب منظرِ عام پر آنے والی اس مبینہ آڈیو میں ثانیہ اشفاق اپنے بچوں کے مستقبل کی خاطر عماد وسیم سے اپنا رشتہ بچانے کی دہائیاں اور درخواستیں کرتی سنائی دیتی ہیں، جبکہ پسِ منظر میں کم سن بچوں کے رونے کی دلخراش آوازیں بھی سنی جا سکتی ہیں۔
آڈیو میں دونوں مبینہ طور پر بچوں کی کسٹڈی (پرورش کے حقوق) کے حوالے سے بحث کر رہے ہیں، جہاں ثانیہ کہتی ہیں کہ وہ لندن سے صرف اپنا گھر بچانے آئی ہیں اور اکیلی تین بچوں کی کفالت کیسے کریں گی۔
اس حساس آڈیو کے وائرل ہوتے ہی سوشل میڈیا صارفین اور شوبز انڈسٹری کی معروف شخصیات کی جانب سے ثانیہ اشفاق کے ساتھ کھل کر ہمدردی کا اظہار کیا جا رہا ہے۔
View this post on Instagram
شوبز اسٹارز بھی اس بحث میں کود پڑی ہیں؛ اداکارہ ہیرا سومرو نے اس پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ “آخر اکثر مرد ایسا کیوں کرتے ہیں؟” جبکہ نامور اداکارہ آرمینہ خان نے سخت تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ “ایسے مردوں کو کبھی کسی عورت کا ساتھ نصیب نہ ہو۔”
دوسری جانب متعدد صارفین کا کہنا ہے کہ یہ آڈیو انتہائی تکلیف دہ ہے جس نے ان کا دل توڑ دیا ہے، تاہم کرکٹ اور شوبز کے مداح اس معاملے پر اب تک منقسم دکھائی دیتے ہیں۔
View this post on Instagram
سحر نامی ایک صارف نے ثانیہ اشفاق کے حق میں کمنٹ کرتے ہوئے لکھا کہ مجھے اس بات کی بے حد خوشی ہے کہ ثانیہ نے ہر چیز ریکارڈ کر لی۔ ہر عورت کو اس سے سبق سیکھنا چاہیےاور ہر چیز کا ثبوت رکھنا چاہیے کیونکہ ہمارا معاشرہ جب تک اپنی آنکھوں سے نہ دیکھ لے یا کانوں سے نہ سن لے، سب سے پہلے عورت کو ہی قصوروار ٹھہرانا پسند کرتا ہے۔
