اسلام آباد: سعودی وزیر خارجہ نے جلد پاکستان کا دورہ کرنے کی خواہش کا اظہار کر دیا۔
نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا۔ جس میں سعودی عرب میں ہیلی کاپٹر حادثے میں 14 افراد کی ہلاکت پر دلی افسوس اور تعزیت کا اظہار کیا گیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اسحاق ڈار نے وزیر اعظم شہباز شریف اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر کی جانب سے بھی سعودی قیادت اور عوام کے لیے تعزیتی پیغام پہنچایا۔
سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے پاکستانی قیادت اور عوام کے برادرانہ جذبے پر شکریہ ادا کیا۔
دونوں رہنماؤں نے گفتگو کے دوران خطے کی بدلتی ہوئی صورتحال اور حالیہ پیش رفت پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ جبکہ اسلام آباد معاہدے کے تحت خطے میں امن و استحکام کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھنے کے پاکستانی عزم کا بھی اعادہ کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: آزاد کشمیر انتخابات: پیپلز پارٹی اور جے یو آئی کا انتخابی اتحاد کا اعلان
گفتگو کے دوران سعودی وزیر خارجہ نے جلد پاکستان کا دورہ کرنے کی خواہش کا اظہار کیا، جس کا نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان سعودی وزیر خارجہ کے دورے کا منتظر ہے۔
