بھارتی کرکٹ ٹیم کے اسٹار آل راؤنڈر نتیش کمار ریڈی انجری کے باعث آئرلینڈ اور انگلینڈ کے خلاف آئندہ ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل سیریز سے باہر ہو گئے ہیں۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے اس خبر کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ نتیش کمار ریڈی کی جگہ 23 سالہ بیٹنگ آل راؤنڈر سوریا نش شیڈگے کو ٹیم میں شامل کر لیا گیا ہے۔
تجزیہ کاروں کے مطابق نتیش کمار ریڈی کے باہر ہونے سے بھارتی ٹیم سیریز کے لیے ایک فرنٹ لائن پیس باؤلنگ آل راؤنڈر کی خدمات سے محروم ہو گئی ہے۔
بی سی سی آئی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ نتیش کمار ریڈی نے ہفتے کے روز افغانستان کے خلاف تیسرے ون ڈے انٹرنیشنل میچ کے بعد اپنے بائیں کواڈریسپس (ران کے پٹھے) میں تکلیف کی شکایت کی تھی، جس کے بعد طبی عملے نے انہیں آرام اور بحالیِ صحت (ری ہیبلی ٹیشن) کے عمل سے گزرنے کا مشورہ دیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: گولڈن بوٹ کی دوڑ دلچسپ مرحلے میں داخل، میسی، ایمباپے اور ہالینڈ آمنے سامنے
دوسری جانب ان کے متبادل کے طور پر آنے والے سوریا نش شیڈگے نے حال ہی میں سری لنکا میں ختم ہونے والی سہ ملکی سیریز میں انڈیا اے کی جانب سے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے 5 میچوں میں 147 رنز اسکور کیے تھے، جس کی بدولت انہیں قومی اسکواڈ میں طلب کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ بھارتی ٹیم کو آئرلینڈ کے خلاف بیلفاسٹ میں 26 جون اور 28 جون کو 2 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلنے ہیں، جس کے بعد ٹیم جولائی میں 5 میچوں کی بڑی ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے انگلینڈ کا دورہ کرے گی۔
نتیش ریڈی کا باہر ہونا بھارتی ٹیم کی حکمتِ عملی کے لیے ایک بڑا دھچکا تصور کیا جا رہا ہے۔
