ورلڈ کپ 2026 میں ترکیہ کو بڑا دھچکا لگا ہے جہاں پیراگوئے نے صرف 10 کھلاڑیوں کے ساتھ شاندار دفاعی کھیل پیش کرتے ہوئے اسے 0-1 سے شکست دے کر ایونٹ سے باہر کر دیا۔
میچ کے آغاز کے صرف 64 سیکنڈ بعد پیراگوئے کے میتھیاس گالارزا نے 25 میٹر دور سے شاندار گول کر کے اپنی ٹیم کو برتری دلائی، جو میچ کا فیصلہ کن لمحہ ثابت ہوا۔ یہ گول ٹورنامنٹ کے تیز ترین گولز میں شامل ہو گیا۔
پہلے ہاف کے اختتامی لمحات میں پیراگوئے کو اس وقت بڑا دھچکا لگا جب میگوئل المیرون کو مخالف کھلاڑی سے تلخ جملوں کے تبادلے پر ریڈ کارڈ دکھا دیا گیا۔ نئے قوانین کے تحت منہ چھپا کر بات کرنے پر یہ فیصلہ وی اے آر کی مدد سے برقرار رکھا گیا۔
دوسرے ہاف میں ایک کھلاڑی کم ہونے کے باوجود پیراگوئے نے شاندار دفاع کیا اور ترکیہ کے مسلسل حملوں کو ناکام بنایا۔ ترکیہ نے میچ میں ایک وقت پر 79 فیصد تک بال پوزیشن اپنے پاس رکھی اور مجموعی طور پر 32 حملے کیے، تاہم ناقص فنشنگ کے باعث وہ ایک بھی گول نہ کر سکا۔
¡Solo aplausos para estos guerreros! pic.twitter.com/FIwsHS6BlQ
— Selección Paraguaya (@Albirroja) June 20, 2026
ترکیہ کے کوچ وینچینزو مونٹیلا نے شکست پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کی ٹیم نے آخری لمحے تک بھرپور کوشش کی، تاہم نتیجہ قبول کرنا ہوگا۔
دوسری جانب گول اسکور کرنے والے گالارزا نے اس فتح کو اپنی زندگی کے بہترین لمحات میں سے ایک قرار دیا اور کہا کہ ٹیم نے ایک کھلاڑی کم ہونے کے باوجود غیر معمولی جذبہ دکھایا۔
اس کامیابی کے ساتھ ہی گروپ ڈی میں امریکا پہلے ہی آسٹریلیا کے خلاف 0-2 کی فتح کے بعد سرفہرست ٹیم کے طور پر اگلے مرحلے میں پہنچ گیا۔
واضح رہے کہ پیراگوئے اس سے قبل 2010 کے ورلڈ کپ میں کوارٹر فائنل تک پہنچا تھا، جو اس کی اب تک کی بہترین کارکردگی رہی ہے۔
