ڈی پی او بنوں نے کہا ہے کہ پولیس اور سی ٹی ڈی کی مشترکہ کارروائی میں پانچ دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔
ضلع بنوں کے تھانہ ہوید کی حدود میں واقع گل بہار چوک کے قریب پولیس اور محکمہ انسدادِ دہشت گردی (سی ٹی ڈی) کی مشترکہ کارروائی کے دوران مسلح شدت پسندوں کے ساتھ کئی گھنٹوں تک فائرنگ کا تبادلہ جاری رہا۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) بنوں فرقان بلال کے مطابق کارروائی کے نتیجے میں 5 شدت پسند ہلاک ہو گئے، جبکہ پولیس اور سی ٹی ڈی کے تمام اہلکار محفوظ رہے۔
پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والے شدت پسندوں کی شناخت کا عمل جاری ہے اور تصدیق مکمل ہونے کے بعد ان کی تفصیلات جاری کی جائیں گی۔
ڈی پی او فرقان بلال نے بتایا کہ واقعے کے بعد علاقے میں سرچ اینڈ کلیئرنس آپریشن مکمل کر لیا گیا ہے، جبکہ کارروائی سے متعلق مزید تحقیقات جاری ہیں۔
سی ٹی ڈی کے مطابق کارروائی کے دوران متعدد دہشتگرد فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے، جن کی گرفتاری کے لیے علاقے میں سرچ اینڈ کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔

حکام نے بتایا کہ سیکیورٹی فورسز کو دیکھتے ہی دہشتگردوں نے اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی، جس کے جواب میں فورسز نے مؤثر کارروائی کی۔ دونوں جانب تقریباً 40 منٹ تک فائرنگ کا تبادلہ جاری رہا، جبکہ پولیس کی بھاری نفری نے موقع پر پہنچ کر علاقے کا محاصرہ کر لیا۔
سی ٹی ڈی کے مطابق کارروائی میں ہلاک ہونے والے دہشتگردوں کی شناخت اور کرمنل پروفائلنگ کا عمل جاری ہے۔
کارروائی کے دوران دہشتگردوں کے قبضے سے 5 کلاشنکوفیں، 10 میگزین، 5 بنڈولیئر، 2 ہینڈ گرینیڈز اور بڑی مقدار میں گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔ سی ٹی ڈی کا کہنا ہے کہ فرار دہشتگردوں کی گرفتاری تک سرچ آپریشن جاری رہے گا۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بنوں میں خوارجیوں کے خلاف کامیاب مشترکہ آپریشن پر خیبرپختونخوا پولیس اور محکمہ انسدادِ دہشت گردی (سی ٹی ڈی) کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے اہلکاروں کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
محسن نقوی نے اپنے بیان میں کہا کہ خیبرپختونخوا پولیس اور سی ٹی ڈی نے بہادری اور پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے خوارجیوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا۔
وفاقی وزیر داخلہ نے آپریشن کے دوران 5 خوارجیوں کو ہلاک کرنے پر پولیس اور سی ٹی ڈی کی ٹیموں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ وہ خوارجیوں کے خلاف کارروائی میں حصہ لینے والے وطن کے بہادر سپوتوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔
انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ امن دشمن عناصر کو کسی صورت پنپنے نہیں دیا جائے گا اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے کارروائیاں پوری قوت کے ساتھ جاری رہیں گی۔
انسپکٹر جنرل (آئی جی) خیبرپختونخوا پولیس ذوالفقار حمید نے بنوں میں کامیاب کارروائی پر سوات ٹیم اور مقامی پولیس کی پیشہ ورانہ مہارت اور بہادری کو سراہتے ہوئے انہیں خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
دوسری جانب آئی جی خیبرپختونخوا نے اپنے بیان میں کہا کہ فتنہ الخوارج کے دہشتگردوں کے ساتھ ساتھ ان کے سہولت کاروں اور نیٹ ورکس کے خلاف بھی بھرپور کارروائیاں کی جائیں گی تاکہ دہشتگردی کے ڈھانچے کو مکمل طور پر ختم کیا جا سکے۔
سیکیورٹی فورسز کا بلوچستان میں آپریشن شعبان ،ہلاک دہشت گردوں کی تعداد 91 ہو گئی
ذوالفقار حمید نے اس عزم کا اظہار کیا کہ دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک سیکیورٹی کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی اور دہشتگردوں کا ان کے محفوظ ٹھکانوں تک تعاقب کرکے انہیں قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا پولیس دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پوری قوت اور پیشہ ورانہ صلاحیت کے ساتھ اپنا کردار ادا کرتی رہے گی اور صوبے میں امن کے قیام کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔
