راولپنڈی، اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (آئیسکو) نے راولپنڈی کے مختلف علاقوں میں جمعہ کی صبح بجلی کی ہنگامی بندش کا اعلان کرتے ہوئے متعلقہ صارفین کو پیشگی آگاہ کر دیا ہے۔
ترجمان آئیسکو کے مطابق سیفٹی ورک کے باعث 132 کے وی سیٹلائٹ ٹاؤن گرڈ اسٹیشن سے منسلک متعدد فیڈرز پر بجلی کی فراہمی عارضی طور پر معطل رہے گی۔
آئیسکو کے مطابق صبح 5:30 بجے سے 8:00 بجے تک طارق شہید فیڈر کی کیبل پر ہنگامی مرمتی اور حفاظتی کام کیا جائے گا، جس کے لیے متعلقہ فیڈرز کو شٹ ڈاؤن کیا جائے گا تاکہ کام محفوظ اور بروقت مکمل کیا جا سکے۔
ترجمان نے بتایا کہ بجلی کی بندش سے شہید محمد دین، شمس آباد، صادق آباد، سید پور روڈ، سی بلاک، شکر یال، نور محمد روڈ، اصغر مال، اوجڑی کیمپ، آفندی کالونی، نیشنل مارکیٹ، عبدالرحمن، یورولوجی، حیدری چوک، فورتھ روڈ، کمرشل سینٹر، نیو ملپور، غوثیہ چوک، ای بلاک، ابوبکر، فاروق اعظم اور جامع مسجد روڈ فیڈرز سے منسلک علاقے متاثر ہوں گے۔
آئیسکو نے صارفین سے اپیل کی ہے کہ بجلی کی عارضی بندش کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور ادارے کے ساتھ تعاون کریں تاکہ مرمتی کام مقررہ وقت میں مکمل کیا جا سکے۔
لیسکو افسران کی مفت بجلی ختم، 30 برس بعد پہلی بار بھاری بل موصول
ترجمان کا کہنا ہے کہ سیفٹی ورک صارفین کو مستقبل میں محفوظ اور بہتر بجلی کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے عارضی تعطل سے ہونے والی ممکنہ پریشانی پر صارفین سے معذرت کرتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ کام مکمل ہوتے ہی متاثرہ علاقوں میں بجلی کی فراہمی فوری طور پر بحال کر دی جائے گی۔
