نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر نے سندھ کے مختلف اضلاع میں بارشوں کے حوالے سے الرٹ جاری کر دیا ہے، جبکہ محکمہ موسمیات نے کراچی میں بھی بونداباندی اور ابر آلود موسم کی پیشگوئی کی ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق آئندہ گھنٹوں کے دوران سندھ کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ چند مقامات پر بارش کا امکان ہے۔
جن اضلاع میں بارش متوقع ہے ان میں جیکب آباد، سکھر، لاڑکانہ، خیرپور، دادو، گھوٹکی، شکارپور، شہید بینظیر آباد اور نواب شاہ شامل ہیں۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات نے کراچی کے شہریوں کیلئے بھی موسم سے متعلق اہم پیشگوئی جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہر میں آج رات مختلف علاقوں میں کہیں کہیں ہلکی بونداباندی ہو سکتی ہے۔
ملک بھر میں 20 جون تک بارشوں کا الرٹ، بالائی اضلاع میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ
محکمہ موسمیات کے مطابق بدھ اور جمعرات کے روز کراچی کا موسم ابر آلود اور مرطوب رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ صبح اور رات کے اوقات میں شہر کے مختلف علاقوں میں بونداباندی کے امکانات موجود ہیں، جس سے گرمی کی شدت میں معمولی کمی آ سکتی ہے۔
پیشگوئی کے مطابق کراچی میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 36 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ کم سے کم درجہ حرارت 28 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔
حکام نے شہریوں کو موسمی صورتحال کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور تازہ ترین موسمی اطلاعات پر نظر رکھنے کی ہدایت کی ہے۔
