سری نگر/اسلام آباد: مقبوضہ کشمیر پر بھارت کے ناجائز قبضے کے خلاف جنگ آزادی میں شریک حریت قیادت نے انتخابات کے بعد پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی جانب سے کی جانے والی تقریر کا خیر مقدم کیا ہے۔
میر واعظ عمر فاروق نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ’’تنازعہ کشمیر کا بات چیت کے ذریعے حل سے متعلق چیئرمین تحریک انصاف کے بیان کا خیر مقدم کرتے ہیں‘‘۔
انہوں نے امید کا اظہار کیا کہ ’’دونوں ممالک(بھارت اور پاکستان) کی قیادت حقیقی امن کو ایک موقع دے گی‘‘۔
بھارت کے خلاف کشمیر کی جنگ آزادی میں شریک بزرگ حریت رہنما سید علی گیلانی نے ٹویٹ میں پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ’’اپنی تقریر میں ہمیں یاد رکھنے پر شکریہ عمران خان‘‘۔
Thank you @ImranKhanPTI for remembering Us in your speech.#Kashmir
— Syed Ali Geelani (@sageelani) July 27, 2018
عمران خان نے اپنی تقریر میں کہا تھا کہ ’’کشمیر کے لوگوں نے طویل عرصے صعوبتیں برداشت کی ہیں اور اگر بھارتی قیادت مسئلہ کشمیر حل کرنے میں سنجیدگی کا مظاہرہ کرے تو دونوں ممالک بات چیت کے ذریعے اسے حل کر سکتے ہیں‘‘۔