مظفر آباد: وزیر اعظم آزاد کشمیر فیصل ممتاز راٹھور نے کالعدم ایکشن کمیٹی کو خطرناک نتائج کی وارننگ دے دی۔
وزیر اعظم آزاد کشمیر فیصل ممتاز راٹھور نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ریاست اپنی رٹ ہر صورت قائم کرے گی۔ اور کالعدم ایکشن کمیٹی کو چاہیے کہ اپنی کال آف کرے، اس کے بعد ہر سطح پر بات چیت کے دروازے کھلے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت آزاد کشمیر کی صورتحال مثالی نہیں بلکہ ریاست ایک امتحان سے گزر رہی ہے۔ ماضی میں بھی مذاکرات کے دوران قیمتی انسانی جانوں کا نقصان ہوا، اس لیے اب معاملات کو سنجیدگی سے حل کرنا ضروری ہے۔
فیصل ممتاز راٹھور نے کہا کہ حکومت نے مفاہمتی عمل میں کردار ادا کرنے کی کوشش کی۔ تاہم ایکشن کمیٹی نے ریاستی حکومت کے کردار کو تسلیم کرنے سے انکار کیا اور وفاق سے براہ راست بات چیت کا مطالبہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ اب ساری تنقید آزاد کشمیر حکومت پر کی جا رہی ہے۔ جبکہ بعض فیصلے وفاقی سطح کے معاملات سے بھی جڑے ہوئے ہیں۔ وزیر اعظم پاکستان کی سطح پر بھی اس بات کی تصدیق کی گئی ہے کہ بجٹ میں وہ تمام اقدامات شامل کیے گئے ہیں جن پر اتفاق ہوا تھا۔
وزیر اعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ ریاست اپنی رٹ قائم کرنے کے لیے پرعزم ہے اور اس صورتحال میں جب تک کالعدم ایکشن کمیٹی اپنا احتجاج ختم نہیں کرتی مذاکرات کا عمل آگے بڑھانا مشکل ہو گا۔
یہ بھی پڑھیں: حکومت کا 2 ایڈہاک الاؤنسز بنیادی تنخواہ میں ضم کرنے کا فیصلہ
خواتین اور بچوں کو احتجاج کا حصہ بنانے سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ اکثر لوگوں کو تحریکوں میں غلط توقعات دی جاتی ہیں اور بعد میں وہی لوگ نقصان اٹھاتے ہیں۔
