انتخابات میں دھاندلی، پیپلز پارٹی کا اہم اجلاس طلب


کراچی: پاکستان پیپلزپارٹی (پی پی پی) نے عام انتخابات میں دھاندلی کی شکایات کے حوالے سے اہم اجلاس جمعہ کو بلاول ہاؤس میں طلب کر لیا ہے۔

ترجمان بلاول بھٹو زرداری سینیٹر مصطفیٰ نواز کھوکھر کے مطابق پیپلزپارٹی نے اعلیٰ سطح کا مشاورتی اجلاس جمعہ کی شام طلب کیا ہے، چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور سابق صدر آصف علی زرداری کی زیرصدارت اجلاس میں انتخابات میں مبینہ دھاندلی کے خلاف لائحہ عمل  طے کیا جائے گا۔

اجلاس میں عام انتخابات کی شفافیت اور دھاندلی کی شکایات کے معاملے پر مشاورت اور بلاول بھٹو زرداری کے لیاری اور لاڑکانہ سے انتخابی نتائج  27 گھنٹوں بعد ملنے کا معاملہ زیر غور لایا جائے گا جب کہ دھاندلی کے خلاف دیگر جماعتوں سے رابطوں پر بھی غور کیا جائے گا۔

پیپلزپارٹی نے 25 جولائی کو ہونے والے عام انتخابات میں مبینہ دھاندلی کا الزام لگاتے ہوئے الیکشن کمیشن کے خلاف احتجاج کرنے کا اعلان کیا ہے، پیپلزپارٹی نے الزام عائد کیا کہ گنتی کے دوران پیپلزپارٹی کے پولنگ ایجنٹس کو پولنگ اسٹیشنز سے باہر نکال دیا گیا تھا اور پریزائیڈنگ افسران کی جانب سے فارم 45 بھی نہیں دیے گئے۔


متعلقہ خبریں