ایران نے لبنان کے دارالحکومت بیروت پر اسرائیلی حملوں کے جواب میں اسرائیل کی جانب متعدد میزائل داغ دیے، جس کے بعد خطے میں کشیدگی مزید بڑھ گئی۔
اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران کی طرف سے میزائل فائر کیے گئے ہیں اور ان حملوں کو ناکام بنانے کے لیے فضائی دفاعی نظام مسلسل متحرک ہے۔
اسرائیلی فوج کے مطابق میزائل لانچ کا پتا چلتے ہی حیفا اور شمالی اسرائیل کے دیگرعلاقوں میں خطرے کے سائرن بجا دیے گئے جبکہ شہریوں کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایات جاری کی گئیں۔
فوج کا کہنا ہے کہ ممکنہ مزید حملوں کے پیش نظر آئندہ چند گھنٹوں تک ہائی الرٹ برقرار رکھا جائے گا۔
اسرائیلی حکام کے مطابق ایرانی میزائل حملوں کا دعویٰ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب اتوار کے روز اسرائیلی فضائیہ نے بیروت کے جنوبی مضافات کو نشانہ بنایا تھا۔ حملے کے نتیجے میں جانی نقصان کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں، تاہم حتمی تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔
ایران کی نئی قیادت زیادہ عقلمند :نئے سپریم لیڈر سے براہ راست بات چیت کو تیار ہوں،ٹرمپ
دوسری جانب ایرانی حکام پہلے ہی خبردار کر چکے تھے کہ لبنان کے دارالحکومت پر حملوں کی صورت میں اسرائیل کو جواب دیا جائے گا۔
پاسداران انقلاب نے اپنے تازہ بیان میں اسرائیل کو متنبہ کیا ہے کہ اگر لبنان پر حملے نہ روکے گئے تو نتائج مزید سنگین اور تباہ کن ہو سکتے ہیں۔
حالیہ پیش رفت نے مشرق وسطیٰ میں ایک نئی اور خطرناک کشیدگی کو جنم دے دیا ہے، جبکہ عالمی برادری صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے۔
