دبئی کی نالج اینڈ ہیومن ڈیولپمنٹ اتھارٹی نے اعلان کیا ہے کہ تعلیمی سال 2026-27 کے لیے نجی اسکولوں کی فیس میں کوئی اضافہ نہیں کیا جائے گا، یہ فیصلہ شیخ حمدان بن محمد بن راشد المکتوم کی ہدایات پر کیا گیا ہے۔
حکام کے مطابق یہ اقدام دبئی میں معاشی استحکام کو برقرار رکھنے اور خاندانوں کو ریلیف فراہم کرنے کی حکمت عملی کا حصہ ہے۔ یہ اعلان حالیہ 1.5 ارب درہم کے دوسرے معاشی مراعاتی پیکج کے بعد سامنے آیا، جس کے بعد مجموعی امدادی اقدامات کی مالیت 2.5 ارب درہم تک پہنچ گئی ہے۔
نئے پیکج کے تحت 33 اقدامات آئندہ 3 سے 12 ماہ میں نافذ کیے جائیں گے، جن میں تعلیمی شعبہ بھی شامل ہے۔ ان اقدامات کے تحت نجی اسکولوں کو لائسنس فیس کی ادائیگی میں سہولت، جرمانوں میں نرمی اور قسطوں کی سہولت دی جائے گی۔
ابتدائی تعلیمی مراکز کو لائسنس فیس، جرمانوں اور میونسپل مارکیٹ فیس سے استثنیٰ دیا جائے گا جبکہ نالج فنڈ اسٹیبلشمنٹ کی جانب سے کرایوں میں جزوی رعایت اور توسیعی سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔
مزید برآں تعلیمی اداروں کے لیے انشورنس گارنٹی میں نرمی، کرایوں میں اضافے پر پابندی اور ادائیگیوں میں تاخیر جیسی سہولتیں بھی شامل ہیں تاکہ ادارے، سرمایہ کار اور والدین سب کو متوازن ریلیف مل سکے۔
دبئی کا نجی تعلیمی شعبہ مسلسل ترقی کر رہا ہے، جہاں 95 فیصد سے زائد طلبہ فزیکل کلاسز میں شرکت کر رہے ہیں اور 17 مختلف نصاب فراہم کیے جا رہے ہیں۔
اتھارٹی کے مطابق رواں سال تقریباً 9 ہزار نئی کم لاگت نشستیں شامل کی گئی ہیں جبکہ تقریباً 2 لاکھ 30 ہزار طلبہ ایسے اداروں میں زیر تعلیم ہیں۔ آئندہ دو برسوں میں مزید 7,500 نشستیں شامل کرنے کا منصوبہ بھی ہے۔
حکام نے بتایا کہ نئے نجی اسکولوں کے لیے 30 سے زائد درخواستیں زیر غور ہیں جبکہ اس سال 6 نئے ادارے کھولے گئے۔ 2025 میں نجی اسکولوں میں داخلوں میں 6 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
