صدر مملکت آصف علی زرداری سے وزیرِاعظم محمد شہباز شریف نے ایوانِ صدر میں ملاقات کی جس میں نائب وزیرِاعظم و وزیرِخارجہ اسحاق ڈار، سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق، وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی، وفاقی وزیرِقانون اعظم نذیر تارڑ، سینیٹر سلیم مانڈوی والا اور ڈاکٹر عاصم بھی موجود تھے۔

ایوان صدر کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق ملاقات میں ملک کی مجموعی صورتحال، افغانستان سے متعلق امور اور خطے کی بدلتی ہوئی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں معرکہ حق کے شہداء اور پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے قومی دفاع پر غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا گیا ۔

صدرِ مملکت نے کہا کہ مشکل جغرافیائی و علاقائی صورتحال، مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی اور سپلائی چین متاثر ہونے کے باوجود عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا جائے۔
صدرِ مملکت نے مہنگائی کے دباؤ میں کمی، اشیائے ضروریہ کی دستیابی اور عام آدمی کو ریلیف دینے کیلئے ممکنہ اقدامات کی ہدایت بھی کی۔
