وزیرخزانہ محمد اورنگزیب اور وزیرپٹرولیم علی پرویز ملک نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ملک کی معاشی صورتحال، توانائی شعبے اور حکومتی پالیسیوں سے متعلق اہم نکات پیش کئے۔
وزیرخزانہ محمد اورنگزیب نے کہا کہ پاکستان میں معاشی استحکام کا سلسلہ جاری ہے، ملکی برآمدات میں سالانہ 14 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ ترسیلات زر میں بھی مسلسل بہتری دیکھی جا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بڑی صنعتوں کی پیداوار میں اضافہ معیشت کیلئے مثبت اشارہ ہے، خطے میں کشیدگی کے باوجود پٹرولیم مصنوعات کی سپلائی چین برقرار رکھی گئی ہے۔
وزیرخزانہ کے مطابق وزیراعظم عوام کو ریلیف دینے کے لئے بھرپور کوشش کررہے ہیں اورحکومت خطے میں امن و استحکام کیلئے بھی اپنا کردارادا کررہی ہے۔
ہر جارحیت کا فوری اور مؤثر جواب دیا جائے گا، وزیر اعظم کا دوٹوک اعلان
دوسری جانب وزیرپٹرولیم علی پرویزملک نے کہا کہ تمام چیلنجز کے باوجود ملک میں پٹرولیم مصنوعات کی فراہمی کو یقینی بنایا گیا ہے۔
حکومت کی کوشش ہے کہ عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا جائے، جس کے لیے مختلف شعبوں خصوصاً کاشتکاروں اور موٹرسائیکل سواروں کو سبسڈی دی گئی ہے، پٹرولیم مصنوعات کی مد میں عوام کو اربوں روپے کی سبسڈی دی جا چکی ہے۔
وزیرپٹرولیم نے سعودی عرب، ایران، قطراورمتحدہ عرب امارات کے تعاون پرشکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں اضافہ جاری ہے تاہم جب بھی قیمتوں میں کمی آئے گی، حکومت عوام کو مکمل ریلیف فراہم کرے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کی اولین ترجیح عوامی ریلیف اور توانائی کی مسلسل فراہمی کو یقینی بنانا ہے۔
