کراچی: کیمبرج انتظامیہ نے اے لیول ریاضی ون کا پرچہ لیک ہونے کے بعد اسے باضابطہ طور پر منسوخ کر دیا۔
کیمبرج انتظامیہ کے مطابق پرچہ اتنے بڑے پیمانے پر لیک ہوا کہ امتحانی شفافیت متاثر ہوئی۔ جس کے باعث یہ فیصلہ کیا گیا کہ امتحان کو منسوخ کر کے متبادل سوالیہ پرچہ لیا جائے گا۔
اعلان کے مطابق یہ امتحان اب 9 جون کو متبادل پرچے کی صورت میں منعقد کیا جائے گا۔ اور متاثرہ ریجنز کے تمام امیدواروں کو دوبارہ امتحان دینا ہو گا۔
انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ اس بار امیدواروں سے کوئی اضافی فیس وصول نہیں کی جائے گی۔
کیمبرج حکام نے بتایا کہ پرچہ لیک ہونے کے واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔ اور جو بھی اس میں ملوث پایا گیا اس کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں: خیبرپختونخوا میں جعلی اساتذہ بھرتی اسکینڈل کا انکشاف، 436 تقرریوں کی انکوائری شروع
انتظامیہ کے مطابق اگر کسی اسکول یا امتحانی مرکز کی غفلت ثابت ہوئی تو اس کی رجسٹریشن بھی منسوخ کی جا سکتی ہے۔ جبکہ اگر کوئی امیدوار لیک میں ملوث پایا گیا تو اسے مستقل طور پر نااہل قرار دیا جائے گا۔
