گرمیوں کے موسم میں کمرے کو ٹھنڈا رکھنے کے لیے لوگ سستے اور آسان حل تلاش کرتے ہیں، جن میں پورٹیبل اے سی اور ایئر کولر سرفہرست ہیں۔
دونوں ڈیوائسز آسانی سے ایک جگہ سے دوسری جگہ منتقل کی جا سکتی ہیں اور مستقل انسٹالیشن کی ضرورت نہیں ہوتی، تاہم ان کے کام کرنے کا طریقہ، بجلی کا استعمال اور کارکردگی ایک دوسرے سے مختلف ہے۔
ماہرین کے مطابق پورٹیبل اے سی اور ایئر کولر کے درمیان بنیادی فرق ان کے کولنگ سسٹم میں ہے۔ پورٹیبل اے سی کمپریسر اور ریفریجرینٹ گیس کے ذریعے کمرے سے گرمی اور نمی خارج کرتا ہے اور گرم ہوا کو باہر نکالنے کے لیے ایگزاسٹ پائپ کی ضرورت ہوتی ہے۔ اس کے برعکس ایئر کولر پانی سے بھیگے پیڈز کے ذریعے ہوا کو ٹھنڈا کرتا ہے، جو بخارات کے عمل پر مبنی ہوتا ہے۔
بجلی کے استعمال کے لحاظ سے ایئر کولر زیادہ کفایتی ثابت ہوتے ہیں جو عموماً 80 سے 250 واٹ تک بجلی استعمال کرتے ہیں جبکہ پورٹیبل اے سی 900 سے 1800 واٹ یا اس سے زائد بجلی خرچ کرتے ہیں۔
دیکھ بھال کے اخراجات میں بھی ایئر کولر سستے ہیں جن میں صرف پانی بھرنا اور وقتاً فوقتاً صفائی درکار ہوتی ہے جبکہ پورٹیبل اے سی میں فلٹرز کی صفائی اور ریفریجرینٹ جیسے اضافی اخراجات شامل ہوتے ہیں۔
اے سی کی عمر اور کارکردگی بڑھانے کیلئے آسان اقدامات
کارکردگی کے اعتبار سے پورٹیبل اے سی تیز اور مؤثر کولنگ فراہم کرتا ہے اور نمی بھی کم کرتا ہے اس لیے مرطوب علاقوں کے لیے بہتر انتخاب ہے۔ دوسری جانب ایئر کولر ہلکی ٹھنڈک دیتا ہے اور خشک علاقوں میں زیادہ مؤثر رہتا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر آپ طاقتور اور فوری ٹھنڈک چاہتے ہیں اور بجلی کے زیادہ بل سے مسئلہ نہیں تو پورٹیبل اے سی بہتر ہے جبکہ کم بجٹ اور کم بجلی خرچ کے لیے ایئر کولر ایک موزوں حل ہے۔
