اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے ہیپاٹائٹس اور ایڈز جیسے مہلک امراض کے خاتمے کے لیے تمام مریضوں کی اسکریننگ یقینی بنانے کی ہدایت کی۔
وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وزارت قومی صحت کے امور سے متعلق اہم جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ جس میں شہریوں کو بہتر طبی سہولیات کی فراہمی پر زور دیا گیا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ عوام کی صحت کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ اور کسی بھی قیمتی جان کو بچانے کے لیے ہر ممکن اقدام کیا جائے گا۔
وزیر اعظم نے ہیپاٹائٹس اور ایڈز جیسے مہلک امراض کے خاتمے کیلئے تمام مریضوں کی اسکریننگ یقینی بنانے کی ہدایت کی۔
انہوں نے وزارت قومی صحت کو بیماریوں کی بروقت رپورٹنگ کے لیے ایک مؤثر اور مربوط نظام تشکیل دینے کا بھی حکم دیا۔ تاکہ جلد تشخیص کے ذریعے ان امراض پر قابو پایا جا سکے۔
وزیر اعظم نے ہیپاٹائٹس کنٹرول پروگرام پر عملدرآمد تیز کرنے اور وائرل بیماریوں کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے فوری اقدامات کرنے کی ہدایت دی۔ جبکہ ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی پاکستان سمیت متعلقہ اداروں کو سرنج کے دوبارہ استعمال کی مکمل روک تھام یقینی بنانے کا حکم بھی دیا۔
اجلاس میں پولیو کے مکمل خاتمے کے عزم کا اعادہ کیا گیا، جبکہ بریفنگ میں بتایا گیا کہ حالیہ انسداد پولیو مہم میں 98 فیصد کوریج حاصل کی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: بڑھتی گرمی میں کرنے والے 5 ضروری کام
اجلاس کے دوران وزیراعظم کو پولیو، ہیپاٹائٹس اور ایڈز کے خاتمے کے لیے کیے گئے اقدامات پر تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی۔
