راولپنڈی، بانی پاکستان تحریک انصاف سے وکلاء اور اہل خانہ کی ملاقات کا دن مقرر کر دیا گیا ہے۔ اس حوالے سے پارٹی کی جانب سے چھ وکلاء رہنماؤں کی فہرست جیل حکام کو ارسال کر دی گئی ہے۔
فہرست میں چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہرعلی خان اور بیرسٹر سلمان اکرم راجہ کے نام شامل ہیں۔ اس کے علاوہ عدنان شہزاد مرزا، فتح اللہ برکی، امیر اعجاز اورکومل جدون بھی فہرست کا حصہ ہیں۔
پارٹی ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کے وکلاء کل اڈیالہ جیل میں ملاقات کے لیے پہنچیں گے۔ اسی روز بانی پی ٹی آئی کی بہنیں اور بشریٰ بی بی کی فیملی بھی ملاقات کے لیے آئیں گی۔
علیمہ خان نے پارٹی کے ارکان پارلیمنٹ، ایم این ایز، ایم پی ایز، سینیٹرزاور سینئر قیادت کو بھی کل اڈیالہ جیل پہنچنے کی اپیل کی ہے۔
ذرائع کے مطابق ملاقات کے اس دن کو پارٹی کی سیاسی اور تنظیمی حکمت عملی کے حوالے سے اہم قرار دیا جا رہا ہے، جبکہ جیل انتظامیہ کی جانب سے سکیورٹی اور ملاقاتوں کے انتظامات کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔
