امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ امریکا پیر کی صبح آبنائے ہرمز میں پھنسے بحری جہازوں کو نکالنے کیلئے پراجیکٹ فریڈم کا آغاز کرے گا۔
صدر ٹرمپ نے کہا ہے کہ دنیا بھر کے ان ممالک کے جہاز جو مشرق وسطیٰ کے حالیہ تنازع میں شامل نہیں، اس وقت آبنائے ہرمز میں پھنسے ہوئے ہیں اور انہیں محفوظ طریقے سے نکالنے کیلئے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ متاثرہ ممالک کو یقین دہانی کرائی گئی ہے کہ ان کے جہازوں کو محفوظ راستہ فراہم کیا جائے گا۔
ٹرمپ کا کہنا تھا کہ کئی ممالک نے درخواست کی ہے کہ ان کے جہازوں کو وہاں سے نکالا جائے تاہم ان کا مؤقف ہے کہ جب تک حالات محفوظ نہیں ہوتے، جہاز حرکت نہیں کریں گے۔ اسی مقصد کیلئے پیر کی صبح سے باقاعدہ آپریشن شروع کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پھنسے ہوئے جہازوں میں خوراک اور انسانی ضروریات کی اشیاء کی کمی پیدا ہو رہی ہے، اس لیے یہ اقدام انسانی ہمدردی کے تحت کیا جا رہا ہے۔
امریکی بحری ناکہ بندی ناکام؟ ایرانی تیل بردار جہاز بحرالکاہل تک پہنچ گیا
امریکی صدر نے مزید کہا کہ یہ پیش رفت فریقین کے درمیان خیرسگالی کو فروغ دے سکتی ہے، جبکہ ان کے نمائندے ایران کے ساتھ مثبت مذاکرات کر رہے ہیں جو کسی بہتر نتیجے تک پہنچ سکتے ہیں۔
انہوں نے خبردار کیا کہ انسانی ہمدردی کے اس عمل میں رکاوٹ ڈالنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
