محکمہ موسمیات نے وفاقی دارالحکومت سمیت ملک کے بیشتر حصوں میں بارش کی پیش گوئی کی ہے جس سے گرمی کے ستائے شہریوں کو ریلیف ملنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج اسلام آباد، خطہ پوٹھوہار، مری اور گلیات میں بادل برسنے کی توقع ہے۔ شمالی علاقوں میں گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں بھی مختلف مقامات پر بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
خیبر پختونخوا کے اضلاع چترال، دیر، سوات، کالام، شانگلہ، بونیر، کوہستان، مالاکنڈ، بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد، بالاکوٹ اور ہری پور میں بھی بادل چھائے رہنے اور بارش ہونے کی پیش گوئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق پشاور، مردان، نوشہرہ، باجوڑ، مہمند، صوابی اور چارسدہ میں چند مقامات پر جبکہ کوہاٹ، کرک، خیبر، ہنگو، کرم، بنوں اور ڈیرہ اسماعیل خان میں بھی بارش متوقع ہے۔
پنجاب کے میدانی علاقوں راولپنڈی، جہلم، حافظ آباد، منڈی بہاؤ الدین، اٹک، چکوال، تلہ گنگ، سرگودھا، میانوالی، خوشاب، فیصل آباد، لاہور، قصور، اوکاڑہ اور بہاولنگر میں بادلوں کی آمد اور بارش کا امکان ہے۔
جنوبی پنجاب کے علاقوں بہاولپور، رحیم یار خان، ڈیرہ غازی خان، راجن پور، جھنگ، لیہ اور بھکر میں گرد آلود ہوائیں چلنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ دوسری جانب بلوچستان اور سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم بدستور خشک اور گرم رہے گا۔
دوسری جانب پنجاب کے ضلع بہاولنگر کے علاقے ڈونگہ بونگہ میں شدید بارش اور تیز آندھی کے باعث ایک مکان کے کمرے کی چھت گر گئی، جس کے نتیجے میں ایک ہی خاندان کے 7 افراد زخمی ہو گئے۔
ریسکیو حکام کے مطابق حادثہ اس وقت پیش آیا جب علاقے میں طوفانی بارش اور آندھی کا سلسلہ جاری تھا۔ چھت اچانک منہدم ہونے سے کمرے میں موجود تمام افراد ملبے تلے دب گئے۔
