لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی خصوصی کاوشوں کے نتیجے میں صوبے کے لائیواسٹاک شعبے میں بڑی پیشرفت سامنے آ گئی۔ جہاں 10 لاکھ جانوروں کی برآمد کا ہدف مقرر کر دیا گیا ہے۔
حکام کے مطابق گوشت کی برآمد کو فروغ دینے کے لیے چین کی “گلوبل میٹ کمپنی” سمیت 7 اداروں کے ساتھ مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کیے گئے ہیں۔ منصوبے کے تحت پامکو کے اشتراک سے پنجاب میں جدید بوائلر یونٹ نصب کیا جائے گا۔ جہاں بڑے پیمانے پر بوائلڈ میٹ تیار کر کے برآمد کیا جائے گا۔
ایکسپورٹ ہدف کے حصول کے لیے 3 لاکھ بھینسوں اور گائے جبکہ 3 لاکھ مینڈھوں کی فیٹننگ کی جائے گی۔ جبکہ مجموعی طور پر 20 لاکھ جانوروں کی ٹیگنگ مکمل کی جائے گی۔
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ہدایت کی ہے کہ صوبے کی ہر تحصیل میں جدید وٹرنری اسپتال قائم کیے جائیں۔ جبکہ مویشیوں کے علاج کے لیے موبائل وٹرنری ڈسپنسریاں بھی فعال کی جائیں گی۔
مریم نواز نے دیہی خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے مفت مویشی دینے کا کوٹہ دگنا کر دیا ہے۔ جبکہ لائیواسٹاک مشینری کی خریداری پر 60 فیصد تک سبسڈی فراہم کی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان نے الیکٹرو آپٹیکل سیٹلائٹ کامیابی سے خلا میں بھیج دیا
حکام کا کہنا ہے کہ پنجاب کی تاریخ میں پہلی بار لائیواسٹاک فارمنگ کے شعبے کو جدید خطوط پر استوار کیا جا رہا ہے۔ جس سے معیشت اور برآمدات میں نمایاں اضافہ متوقع ہے۔
