اسلام آباد میں مارگلہ پہاڑیوں کے دامن میں ہزار ایکڑ پر نیا پارک بنانے کا فیصلہ کر لیا گیا۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیر صدارت کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) ہیڈکوارٹرز میں اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں وفاقی دارالحکومت میں جاری اور مستقبل کے ترقیاتی منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ مارگلہ پہاڑیوں کے دامن میں ہزار ایکڑ پر مشتمل ایک بڑا پارک تعمیر کیا جائے گا، جس کا مقصد شہریوں کو جدید تفریحی سہولتیں فراہم کرنا ہے۔
وزیر داخلہ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ اسلام آباد کو ایک مثالی شہر بنایا جائے گا جہاں بین الاقوامی معیار کی سہولتیں اور تفریح کے مواقع میسر ہوں۔ اجلاس میں بین الاقوامی معیار کی فرمز کے ساتھ جوائنٹ ونچر کے تحت فائیو اسٹار ہوٹلز کی تعمیر کا بھی فیصلہ کیا گیا جبکہ ای او بی آئی کے اشتراک سے بننے والے فائیو اسٹار ہوٹل پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔
محسن نقوی نے سرمایہ کاروں کو راغب کرنے کے لیے زیرو ٹیکس نئی ہوٹل پالیسی مرتب کرنے کی ہدایت بھی دی، اجلاس میں یہ بھی طے پایا کہ سروے آف پاکستان کے ذریعے اسلام آباد کے تمام رقبے اور پراپرٹی کا مکمل سروے کرایا جائے گا۔
مزید برآں وزیر داخلہ نے آئندہ تمام آکشنز کے لیے خصوصی مارکیٹنگ ٹیم تعینات کرنے کی ہدایت دی تاکہ زیادہ سے زیادہ سرمایہ کاروں کی شرکت یقینی بنائی جا سکے۔
اجلاس میں یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ کیپیٹل ایمرجنسی سروسز کا کنٹرول روم سیف سٹی اسلام آباد میں قائم کیا جائے گا۔
بھارتی پروازوں کیلئے پاکستانی فضائی حدود کی بندش میں مزید توسیع
اس موقع پر چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام آباد سہیل اشرف نے ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی، بریفنگ میں بتایا گیا کہ سی ڈی اے کے تمام ڈیٹا اور ٹرانسفر سسٹم کو ڈیجیٹلائز کیا جا رہا ہے، ون ونڈو آپریشن کے تحت ڈیجیٹل ڈیش بورڈ متعارف کرایا جائے گا، جبکہ غیر ضروری پوسٹوں کو ختم کرنے پر بھی کام جاری ہے۔
اجلاس میں ممبران سی ڈی اے، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر اسلام آباد اور دیگر اعلیٰ حکام بھی شریک تھے۔
