فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا 3 روزہ دورۂ ایران مکمل ہو گیا، اس دوران علاقائی امن و استحکام پر اہم بات چیت کی گئی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق سید عاصم منیر اور وزیرِ داخلہ محسن نقوی کا تین روزہ دورۂ ایران مکمل ہو گیا ہے، جس کے بعد فیلڈ مارشل وفد کے ہمراہ وطن واپس پہنچ گئے۔
دورے کے دوران سید عاصم منیر نے تہران میں ایرانی صدر مسعود پزشکیان سے ملاقات کی۔ اس کے علاوہ ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر، وزیرِ خارجہ اور کمانڈر خاتم الانبیاء ہیڈ کوارٹرز سے بھی اہم ملاقاتیں ہوئیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق مذاکرات کا محور خطے میں پائیدار امن کا قیام اور سیکیورٹی کی بدلتی ہوئی صورتحال رہا۔ فیلڈ مارشل نے مسائل کے حل کیلئے سفارتی کوششوں اور مذاکرات کی اہمیت پر زور دیا۔
فریقین نے مشرقِ وسطیٰ کے تنازعات کے خاتمے، کشیدگی میں کمی اور علاقائی استحکام کیلئے تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا، جبکہ سفارتی روابط کو مزید مضبوط بنانے اور دیرپا امن کے فروغ کیلئے مشترکہ اقدامات پر بھی گفتگو کی گئی۔
دورے کے اختتام پر سید عاصم منیر نے ایرانی قیادت اور عوام کی مہمان نوازی پر شکریہ ادا کیا اور پاکستان کی جانب سے خیر سگالی کے پیغامات بھی پہنچائے۔
ایران سے ممکنہ معاہدہ، کل کوئی بڑا سرپرائز آ سکتا ہے، ٹرمپ
انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان ایران کے ساتھ تاریخی اور برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کا خواہاں ہے جبکہ یہ دورہ خطے میں امن، استحکام اور خوشحالی کیلئے پاکستان کے پختہ عزم کا عکاس ہے۔
