پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے افغانستان کے سابق فاسٹ باؤلر شاپور زدران کی بگڑتی ہوئی صحت پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ان کی جلد صحتیابی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے۔
شاپور زدران اس وقت ایک سنگین طبی پیچیدگی کے باعث اسپتال کے انتہائی نگہداشت وارڈ (آئی سی یو) میں داخل ہیں جہاں ان کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
سوشل میڈیا پر جاری اپنے پیغام میں شاہد آفریدی نے بتایا کہ ان کی شاپور زدران کے بھائی سے بات چیت ہوئی ہے اور سابق افغان کرکٹر کی بیماری کا سن کر انہیں بے حد دکھ ہوا۔ شاہد آفریدی نے شاپور زدران کی ہمت بندھاتے ہوئے کہا کہ آپ میدان میں ہمیشہ ایک فائٹر رہے ہیں اور مجھے پورا یقین ہے کہ آپ اس مشکل گھڑی کا مقابلہ بھی اسی بہادری اور حوصلے سے کریں گے۔
Had a heartfelt call with Shapoor Zadran’s brother today. Truly saddened to hear about his condition.
You’ve always been a fighter on the field, and I know you’ll fight this too.
Praying for your speedy recovery.#ShapoorZadran #StayStrong #CricketFamily #Prayers pic.twitter.com/2Sn1KKJ5Qd— Shahid Afridi (@SAfridiOfficial) April 17, 2026
قومی ٹیم کے سابق کپتان نے افغان کرکٹر کے لیے ہر قسم کے تعاون اور مدد کی پیشکش کرتے ہوئے کہا کہ وہ اور پورا پاکستان اس کڑے وقت میں ان کے ساتھ کھڑا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اگر علاج یا کسی بھی حوالے سے مدد کی ضرورت ہو تو وہ ہمیشہ دستیاب ہیں۔
واضح رہے کہ 38 سالہ شاپور زدران افغانستان کرکٹ کے چند اہم ترین کھلاڑیوں میں شمار ہوتے ہیں۔ انہوں نے 44 ون ڈے انٹرنیشنل میچز میں 43 اور 36 ٹی ٹوئنٹی میچز میں 37 وکٹیں حاصل کیں۔ انٹرنیشنل کرکٹ کے ساتھ ساتھ انہوں نے مختلف لیگز میں بھی اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔ شاپور زدران نے سال 2025 میں کرکٹ کے تمام فارمیٹس سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا۔
