کیپٹن صفدر کی طبیعت ناساز، ڈاکٹرز کا معائنہ


راولپنڈی: پاکستان مسلم لیگ نون کے قائد اور سابق وزیراعظم نواز شریف کے داماد کیپٹن ریٹائرڈ محمد صفدر کی اڈیالہ جیل میں طبیعت خراب ہوگئی۔

ذرائع کے مطابق کیپٹن صفدر کی طبیعت خراب ہوتے ہی ڈاکٹرز کی میڈیکل ٹیم اڈیالہ جیل پہنچ گئی اور اُن کا طبی معائنہ کیا، ڈاکٹرز کی ٹیم ریسکیو 1122 کی گاڑی میں جیل پہنچی، کیپٹن صفدر کے تفصیلی معائنے کے بعد ان کی رپورٹ جیل انتظامیہ کے حوالے کر دی جائے گی۔

کیپٹن صفدر کو احتساب عدالت نے ایون فیلڈ ( لندن فلیٹس ) ریفرنس میں ایک سال قید کی سزا سنائی ہے اور وہ اڈیالہ جیل میں اپنی سزا کاٹ رہے ہیں۔

سابق وزیراعظم نواز شریف، ان کی صاحبزادی مریم نواز اور کیپٹن صفدر نے احتساب عدالت کے فیصلے کے خلاف اسلام آباد ہائیکورٹ میں اپیل دائر کی ہوئی ہے جس کی سماعت جولائی کے آخری ہفتے ہو گی۔

کیپٹن صفدر کو جب احتساب عدالت نے سزا سنائی تو وہ مانسہرہ میں انتخابی مہم کے سلسلے میں مصروف تھے، انہیں گرفتار کر نے کے لیے قومی احتساب بیورو ( نیب ) کی ٹیمیں مانسہرہ روانہ کی گئیں لیکن کیپٹن صفدر کی گرفتاری عمل میں نہ لائی جا سکی، بعد ازاں کیپٹن صفدر نے راولپنڈی کے لیاقت باغ میں آ کر گرفتاری پیش کی۔

 


متعلقہ خبریں