پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے مرکزی رہنما سلمان اکرم راجہ نے کہا ہے کہ آج کی کوششوں کے بعد انہیں کامیابی حاصل ہوئی کہ بانی پی ٹی آئی کی میڈیکل رپورٹ جلد حاصل ہو جائے گی۔
انہوں نے یہ اعلان چیف جسٹس آف پاکستان یحییٰ آفریدی سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کے دوران کیا، ملاقات تقریباً 30 منٹ طویل رہی اوراس دوران چیف جسٹس کو پی ٹی آئی کے تحفظات سے آگاہ کیا گیا۔
انہوں نے بتایا کہ ملاقات کے بعد بانی کے ذاتی معالجین کو ان تک رسائی دی جائے گی تاکہ میڈیکل رپورٹ حاصل کی جا سکے۔
رہنما نے کہا کہ آج کی کوششوں کے باوجود رپورٹ ابھی تک دستیاب نہیں ہے، تاہم یقین دہانی کرائی گئی ہے کہ جلد یہ رپورٹ مل جائے گی اور اس کے ذریعے بانی کی صحت کے بارے میں ضروری معلومات حاصل کی جا سکیں گی۔
چیف جسٹس پاکستان سے پی ٹی آئی رہنما سلمان اکرم راجہ کی ملاقات
سلمان اکرم راجہ نے مزید بتایا کہ پی ٹی آئی کی سیاسی کمیٹی علامہ راجہ ناصر عباس اورمحمود اچکزئی کے ساتھ مشاورت کرے گی تاکہ اگلے لائحہ عمل کا فیصلہ کیا جا سکے، جبکہ اس معاملے میں حتمی اختیار اپوزیشن کے دونوں لیڈران کے پاس ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ بانی پی ٹی آئی کو اسپتال ایسے لے جایا گیا جہاں جانا ان کی مرضی میں شامل نہیں تھا اور اس کے خلاف قانونی اور سیاسی اقدامات جاری رہیں گے۔
اس کے علاوہ پی ٹی آئی آج ہی اپوزیشن اتحاد تحریک تحفظ آئین پاکستان سے بھی ملاقات کرے گی تاکہ بانی کے حقوق کے تحفظ کے لیے مشترکہ حکمت عملی تیار کی جا سکے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے طبی معائنے کے لیے نجی اسپتال کے دو ڈاکٹرز کے نام سپریم کورٹ کو فراہم کر دیئے ہیں۔
