پاکستان تحریک انصاف کے رہنما سلمان اکرم راجہ نے راولپنڈی میں وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کے ہمراہ پریس کانفرنس میں کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی صحت کے حوالے سے خبریں تشویشناک ہیں اور عدالتی فیصلوں کے باوجود ان سے ملاقات نہیں کروائی گئی۔
سلمان اکرم راجہ نے بتایا کہ عمران خان کی آنکھ کا آپریشن ہوا ہے اوران کی صحت سے متعلق خاندان کو مکمل طور پربےخبررکھا گیا جس پرپارٹی شدید تشویش میں ہے۔
انہوں نے کہا کہ قوم اب خاموش نہیں رہے گی اور جلد شعلے اٹھیں گے، اور پارٹی اس معاملے پر مکمل اقدامات کرے گی۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے بھی کہا کہ آج رات دھرنا دیا جائے گا اور پارٹی کے ایم پی ایز و ایم این ایز بھی پہنچ رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حالات کو زبردستی خراب کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے اور چاہتے ہیں کہ بانی پی ٹی آئی سے ذاتی معالج اور خاندان کی ملاقات کو یقینی بنایا جائے۔
سلمان اکرم راجہ اور سہیل آفریدی کا کہنا تھا کہ یہ صرف پارٹی کا معاملہ نہیں بلکہ قومی تشویش کا موضوع ہے اور بانی پی ٹی آئی سے ملاقات اور ان کی صحت کے بارے میں شفاف معلومات فراہم کرنا ضروری ہے تاکہ سیاسی و عوامی اعتماد بحال ہو سکے اور غیر ضروری تشویش ختم ہو۔
