پشاور: گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) دھرنوں یا ہڑتالوں سے نہیں بلکہ اپنی سزا پوری کرنے کے بعد ہی رہا ہوں گے۔
گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی نے اڈیالہ جیل کے باہر باقاعدہ سیکرٹریٹ قائم کر رکھا ہے۔ جس سے یہ تاثر ملتا ہے کہ پی ٹی آئی دو مختلف سمتوں میں چل رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پارٹی کا ایک گروپ انتشار پھیلانے میں مصروف ہے۔ جبکہ دوسرا صوبے کے معاملات پر توجہ دینے کی کوشش کر رہا ہے۔ عمران خان کسی دھرنے یا ہڑتال کے نتیجے میں نہیں بلکہ اپنے کیے گئے اعمال کی سزا مکمل کرنے کے بعد ہی جیل سے باہر آئیں گے۔
فیصل کریم کنڈی نے صوبائی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اسے ہوش کے ناخن لینے چاہیئیں۔ اور قیدی نمبر 804 کو رہائی دلوانے کے بجائے صوبے میں حکمرانی اور امن و امان پر توجہ دینی چاہیے۔
وادی تیراہ میں آپریشن سے متعلق انہوں نے کہا کہ وفاق جب بھی آپریشن کرے گا سب کو اعتماد میں لے کر کرے گا۔ اور سب لوگ جانتے ہیں کہ تیراہ میں کون لوگ واویلا مچا رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: تنخواہ، گاڑی، رہائش اور بہت کچھ، محمود خان اچکزئی کی مراعات کی تفصیلات سامنے آ گئیں
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے غلط بیانی سے کام لیا۔ جبکہ صوبائی حکومت لوگوں کو وفاق کے خلاف بھڑکانا چاہتی ہے۔ وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا صوبے کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کے لیے کام کریں۔ کسی ایک شخص کے لیے ملکی مفاد قربان نہیں کیا جا سکتا۔
