پشاور میں خیبر پختونخوا اسمبلی کے اجلاس کے دوران باچا خان انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے حج پروازیں شروع کرنے کی قرارداد متفقہ طور پر منظور کرلی گئی۔
قرارداد حکومتی رکن اسمبلی عبدالسلام آفریدی نے پیش کی، جس میں سرکاری حج اسکیم کے تحت جانے والے حجاج کرام کو درپیش مشکلات کی نشاندہی کی گئی۔
قرارداد کے متن کے مطابق خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے حجاج کرام کو سرکاری اسکیم کے تحت حج کی ادائیگی کیلئے دیگرصوبوں اورایئرپورٹس سے سفر کرنا پڑتا ہے، جس کے باعث انہیں اضافی اخراجات اورسفری دشواریوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
نان فائلرز کو اسلحہ لائسنس جاری کرنا ناقابل قبول، قائمہ کمیٹی برائے داخلہ
ایوان کو بتایا گیا کہ اگر باچا خان انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے حج پروازیں شروع کی جائیں تو نہ صرف حجاج کرام کو سہولت میسر آئے گی بلکہ وقت اوروسائل کی بھی بچت ہوگی۔
قرارداد میں وفاقی حکومت اور متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا گیا کہ سرکاری حج اسکیم کے تحت باچا خان ایئرپورٹ سے براہِ راست حج پروازوں کا فوری آغازکیا جائے۔
اراکین اسمبلی نے قرارداد کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ اس اقدام سے خیبر پختونخوا کے عوام کو بڑا ریلیف ملے گا اور حج انتظامات مزید مؤثر بن سکیں گے۔
