اسلام آباد: نگراں وزیرداخلہ پنجاب شوکت جاوید نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں کے خلاف درج مقدمات میں سے دہشت گردی کی دفعات ختم کرنے کے احکامات جاری کردیے ہیں۔
’ہم نیوز‘ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے شوکت جاوید نے بتایا کہ وہ ریلی کی وجہ سے درج مقدمات میں گرفتاریاں نہ کرنے کا حکم دے چکے ہیں اور کچھ کارکنوں کو فوری طور رہا بھی کردیا گیا تھا۔
پنجاب پولیس نے جمعہ کو لاہور میں ریلی نکالنے پر پی ایم ایل (ن) کے مرکزی صدر شہباز شریف سمیت پارٹی کے کئی رہنماؤں اور کارکنوں کے خلاف مقدمات درج کیے تھے۔ درج مقدمات میں دہشت گردی کی دفعات بھی شامل تھیں۔
پنجاب کی سابق حکمران جماعت پی ایم ایل (ن) کے رہنماؤں اور کارکنوں کے خلاف لاہور کے مختلف تھانوں میں 12 مقدمات درج ہیں جن میں دہشت گردی، کارِ سرکار میں مداخلت اور دفعہ 144 کی خلاف ورزی کی دفعات شامل کی گئیں ہیں۔
درج مقدمات میں جن رہنماؤں کو بطور ملزم نامزد کیا گیا ہے ان میں شہباز شریف کے علاوہ ان کے صاحبزادے حمزہ شہباز، سابق اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق، سابق وزیرِ اعظم شاہد خاقان عباسی، سابق وفاقی وزرا خواجہ سعد رفیق، مریم اورنگزیب، مخدوم جاوید ہاشمی، طلال چودھری، راجہ ظفر الحق، مشاہد حسین سید، مصدق ملک، سائرہ افضل تارڑ، عظمیٰ بخاری، میئر لاہور کرنل ریٹائرڈ مبشر جاوید اور کئی مرکزی و مقامی رہنما اور کارکنان شامل ہیں۔