کراچی: قومی ایئر لائن (پی آئی اے) اور بنگلا دیش کی بمان ایئر لائن کے درمیان تاریخی کارگو معاہدے طے پا گیا۔
ترجمان پی آئی اے کے مطابق پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز نے بنگلا دیش کی بمان ایئر لائنز کے ساتھ ایک اہم کارگو انٹرلائن اسپیشل پروریٹ معاہدہ کر لیا ہے۔ جو یکم دسمبر 2025 سے نافذ العمل ہو گا۔
ایئر لائنز کے درمیان شراکت داری کا بنیادی مقصد دونوں ممالک کے درمیان فضائی کارگو کی نقل و حرکت کو ہموار بنانا ہے۔ جبکہ معاہدے کی رو سے سعودی عرب کے اہم شہروں، جدہ، مدینہ اور ریاض کو ٹرانزٹ گیٹ ویز کے طور پر استعمال کیا جائے گا۔
ترجمان کے مطابق یہ شراکت داری علاقائی تجارت کے لیے ایک اسٹریٹیجک کوریڈور قائم کرے گی۔ اور معاہدے کی بدولت ٹیکسٹائل، فارماسیوٹیکلز اور زرعی مصنوعات جیسی قیمتی اشیاء کی ترسیل میں موجود لاجسٹک پیچیدگیاں کم ہو جائیں گی۔
دونوں ملکوں کی قومی ایئر لائنز کے وسیع نیٹ ورکس کے ذریعے، معیاری اور کم لاگت پر مشتمل کارگو حل فراہم کیے جائیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: سرکاری حج اسکیم 2026 کی دوسری قسط جمع کرانے کی آخری مہلت میں 3 روز کی توسیع
ترجمان نے کہا کہ پی آئی اے پاکستانی برآمد کنندگان اور درآمد کنندگان کو خطے میں سب سے زیادہ مؤثر کارگو خدمات تک رسائی فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔
