اردن کے شاہ عبداللہ دوم کوپاکستان کے اعلیٰ ترین سول ایوارڈ سے نوازدیا گیا۔
ایوان صدر میں اردن کے شاہ عبداللہ دوم کو پاکستان کااعلیٰ ترین سول ایوارڈ دینے کی تقریب ہوئی ،تقریب میں دونوں ملکوں کے قومی ترانے بجائے گئے۔
وزیراعظم اورشاہ عبداللہ دوم کی تاریخی ملاقات، دونوں ممالک کے درمیان کئی مفاہمتی یاداشتوں پر دستخط
وزیراعظم شہبازشریف اورنائب وزیراعظم اسحاق ڈار بھی تقریب میں شریک تھے، ان کے علاوہ چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی اور گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے بھی تقریب میں شرکت کی۔
صدر مملکت نے اردن کے شاہ عبداللہ دوم کو پاکستان کااعلیٰ ترین سول ایوار ڈ نشان پاکستان دیا، بعدازاں صدر مملکت آصف زرداری کو بھی شاہ عبداللہ دوم نے اردن کا اعلیٰ ترین اعزاز دیا۔

قبل ازیں صدر مملکت آصف علی زرداری اور اردن کے شاہ عبداللہ دوم کی ایوان صدر میں ملاقات ہوئی ،ملاقات میں خاتون اول آصفہ بھٹو زرداری اور چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو بھی شریک تھے۔
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور وفاقی وزیر مصدق ملک اور دیگر بھی موجود تھے، ملاقات میں مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا، خطے میں امن و استحکام کی مشترکہ حمایت کی گئی ۔

صدر مملکت نے پاکستان اور اردن کے دیرینہ، برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا، دونوں رہنمائوں نے دوطرفہ تعاون کو نئے شعبوں تک توسیع دینے پر اتفاق کیا۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے اردن کے ساتھ قریبی تعاون کے عزم کا اعادہ بھی کیا،دو ریاستی حل کے تحت آزاد، خودمختار اور قابل عمل فلسطینی ریاست کے قیام پر زور دیا۔
