بابراعظم کی فارم آخر کار لوٹ آئی، سابق کپتان 807 دن بعد ون ڈے انٹرنیشنل میں سنچری بنانے میں کامیاب ہو گئے۔
انہوں نے سری لنکا کے خلاف دوسرے ون ڈے میں 102 رنز بنائے اور ناٹ آؤٹ رہے۔ انہوں نے سوشل میڈیا پر کچھ تصویریں شیئر کیں۔
تصاویر کے ساتھ انہوں نے الحمد اللہ لکھا، اس موقع پر انہوں نے مداحوں کا شکریہ بھی ادا کیا، بابراعظم کی سنچری کے بعد مداحوں کی جانب سے انہیں مبارکباد کے پیغام آنا شروع ہو گئے۔
اس طرح دو سال دو ماہ کے انتظار کے بعد وہ سنچری کرنے میں کامیاب رہے، سنچری اسکور کرتے ہی انہوں نے ڈریسنگ روم اور آسمان کی طرف دیکھا اور پھر گراؤنڈ میں سجدہ شکر ادا کیا۔
ان کے ہر اسٹروک پر تماشائیوں نے انہیں خوب داد دی، بابراعظم پلیئر آف دی میچ قرار پائے۔
انہوں نے میچ کے بعد کہا کہ خود پر اور اپنی محنت پر یقین تھا، ان کا کہنا تھا کہ فخرزمان کے ساتھ پارٹنرشپ بہت اچھی چل رہی تھی،لمبی اننگز کھیلنے کے لیے اس دن کا انتظار تھا۔
بابر اعظم نے ایک اور ریکارڈ اپنے نام کر لیا
بابراعظم نے کہا کہ میری کارکردگی سے پاکستان کی جیت ہوئی اس پر خوشی ہے،کوشش جاری تھی بالاآخر سنچری بنانے میں کامیاب ہوگیا، سابق کپتان نے کہا کہ خوشی ہے کہ لیجنڈز کے ساتھ میرا نام آرہاہے۔

