حج 2026کی دوسری قسط کی وصولی، نامزد برانچیں کل کھلیں رہیں گی

PIA

حج 2026ء کے واجبات (دوسری قسط) کی وصولی کے لیے نامزد برانچیں ہفتے کے دن بھی کھلی رہیں گی۔

اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق وزارت مذہبی امور اور بین المذاہب ہم آہنگی کی درخواست پر فیصلہ کیا گیا ہے کہ حج آپریشنز کے لیے تمام نامزد برانچیں 15 نومبر 2025ء بروز ہفتہ صبح 9:00 بجے تا دوپہر 2:30 تک کھلی رہیں گی ۔

رمضان، عید اور حج کی متوقع تاریخیں محکمہ موسمیات نے بتا دیں

فیصلے کا مقصد حج 2026ء کی سعادت حاصل کرنے کے خواہش مند افراد کو حج کے واجبات (دوسری قسط) ڈپازٹ کرانے میں سہولت فراہم کرنا ہے۔

قبل ازیں پاکستان اورسعودی عرب کے درمیان حج 2026ء کے لیے انتظامات اور سہولیات سے متعلق باضابطہ معاہدہ طے پا گیا ہے۔

اس سلسلے میں  جدہ میں سعودی نائب وزیر حج و عمرہ ڈاکٹر عبد الفتاح بن سلیمان المشاط اور وفاقی سیکرٹری مذہبی امور ڈاکٹر سید عطاء الرحمن نے  حج معاہدے پر دستخط کئے۔

دستخط کی تقریب میں پاکستان میں تعینات سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی، ڈی جی حج جدہ عبدالوہاب سومرو، ڈائریکٹر حج مکہ مکرمہ عزیز اللہ خان، ڈائریکٹر حج مدینہ منورہ ضیاءالرحمن، ڈپٹی سیکرٹری حج پالیسی چوہدری کاشف حسین اور پرائیویٹ حج کمپنیوں کی نمائندہ تنظیم (ہوپ) کے عہدے داران  بھی شریک ہوئے۔

سعودی وزارت حج و عمرہ کی جانب سے نئی عمرہ پالیسی کا اعلان

اس موقع پر وفاقی سیکرٹری مذہبی امور ڈاکٹر سید عطاء الرحمن نے ضیوف الرحمن کی مہمان نوازی اور سہولیات کی فراہمی کے لیے سعودی حکومت کی بہترین کاوشوں پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ برس کی طرح اس سال بھی پاکستانی حجاج کرام کو اعلیٰ معیار کی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ وزارتِ مذہبی امور سعودی حکومت کی ہدایات کے مطابق سرکاری اور پرائیویٹ حج اسکیموں کے انتظامات کو بروقت اور مؤثر طریقے سے مکمل کرنے کے لیے پرعزم ہے۔


متعلقہ خبریں
WhatsApp